تمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اختیارات کی جنگ کا تنازع ختم

تمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اختیارات کی جنگ کا تنازع ختم

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) مشترکہ مفادات کونسل نے اٹھارویں ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور تمام صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشنز کے درمیان اختیارات کی جنگ کا تنازعہ ختم کرا دیامشترکہ مفادات کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کے اہم اجلاس کے بعد یونیورسٹیوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ، نئے ڈگری پروگرامز کا اجراء اور پرائیویٹ یونیورسٹیز کھولنے کا اختیار صوبائی ہائرایجوکیشن کمیشن کے سْپرد کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آئین پاکستان میں اٹھارویں ترمیم 2010ء میں کی گئی تھی جس کے تحت ہائر ایجوکیشن کو صوبوں کی ذمہ داری قرار دیا گیا تھااور آٹھ سال سے فیڈرل ایچ ای سی کے اختیارات پر سوالات اٹھ رہے تھے۔مشترکہ مفادات کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مرتب کردہ ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی کمیشن یونیورسٹیز میں کوالٹی ایشورنس پر کام کریں گے اور اس کی براہ راست مانیٹرنگ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔مشترکہ مفادات کونسل نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی کمیشن یونیورسٹیوں کے لیے ایڈوائزی کا بھی کام کریں گے اور یونیورسٹیوں کو حکومتی گرانٹس کے علاوہ دیگر ذرائع آمدن پیدا کرنے کی حکمت عملی پر بھی رہنمائی کریں گے۔علاوہ ازیں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان مجاز ہوگا کہ وہ ریسرچ کے لیے یونیورسٹیز کو فنڈز جاری کرے جبکہ طلبائاور اساتذہ کو سکالر شپ دینے، اینڈومنٹ فنڈز، فیلو شپ اور ڈگریوں کی تصدیق کی ذمہ داری بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سْپرد ہوگی۔مشترکہ مفادات کونسل اس فیصلے کو تمام صوبوں میں نافذ کرائے گی اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔مشترکہ مفادات کونسل میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق ضوابط، پالیسی، نصاب سازی، ایکوالینس آف کوالیفکیشن، ڈگریوں کی تصدیق، بین الاقوامی معائدات، اساتذہ اور ملازمین کی تقرریوں کا طریقہ کار وفاقی حکومت کی جانب سے طے کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وزارت فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کے تحت مشترکہ مفادات کونسل کی سب کمیٹی کا اجلاس 9 فروری کو منعقد ہوا جس کے آفیشل میٹنگ منٹس جاری کیے گئے ہیں۔اس اجلاس میں وفاقی وزیر محمد بلیغ الرحمن، چیئرمین ایچ ای سی پاکستان ڈاکٹر مختار احمد، وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی، فیڈرل سیکرٹری برائے تعلیم عامر اشرف خواجہ، چیئرپرسن سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر