پاکستان کی خودمختاری کا سودا کئے بغیر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا : وزیر اعظم

پاکستان کی خودمختاری کا سودا کئے بغیر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا : وزیر اعظم

کہوٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کی خودمختاری کا سودا کئے بغیر ملکی معیشت کومضبوط بنایا ، ،وسائل ہر حکومت کے پاس تھے لیکن ان کے کام نظر نہیں آئے،عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں ، نوازشریف عوام کے ووٹوں سے وزیر اعظم بنے لیکن انہیں نااہل کردیا گیا ، اس فیصلے سے کوئی اتفاق نہیں کرتا لیکن اسے قبول کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پرکہوٹہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کوفروغ دیا، نوازشریف کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کہوٹہ کے ہرگاؤں میں گیس مل رہی ہے جبکہ کہوٹہ ہسپتال کوجدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے مزید فنڈزدئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں نوجوانوں کیلئے کھیل کے میدان کا بندوبست کردیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہوٹہ میں ایک معیاری یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی علاقہ تعلیم کے بغیرترقی نہیں کرسکتا ہے اور یونیورسٹی بنانے کا کام 3 ماہ بعد ہی شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں مسلم لیگ (ن ) کے ترقیاتی کام ہی نظر آرہے ہیں اور گزشتہ حکومتوں کاکوئی کام نظرنہیں آتا۔واضح رہے کہوٹہ روڈ منصوبے کے تحت راولپنڈی۔کہوٹہ سڑک کی بہتری اور مرمت بھی کی جائے گی ٗمنصوبے کے 28کلومیٹر طویل سیکشن کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے ٗپہلے مرحلے میں کاک پل سے تریکھیاں تک 16.5کلومیٹر طویل سیکشن شامل ہے ٗدوسرے مرحلے میں تریکھیاں سے کہوٹہ تک 12کلومیٹر طویل سیکشن مکمل کیا جائیگا ٗمنصوبے کے تحت سہالہ ریلوے کراسنگ پر چار رویہ پل بھی تعمیر کیا جائیگا ٗمنصوبے میں سہالہ بائی پاس، کہوٹہ بائی پاس اور تین پل شامل ہیں ٗمنصوبے میں ایک انڈر پاس اور 50چھوٹی پلیوں کی تعمیر بھی شامل ہے ٗمنصوبے کی تعمیر پر کل12ارب روپے خرچ ہونگے جس میں زمین کی قیمت بھی شامل ہے ٗراولپنڈی۔کہوٹہ روڈ سٹرٹیجک لحاظ سے اہم ترین ہے ٗراولپنڈی۔کہوٹہ روڈ راولاکوٹ اور کوٹلی سے اسلام آباد تک چھوٹا ترین روٹ ہے ٗسڑک کے دو رویہ ہونے اور کشادگی سے عوام کو سہولت اورسفر آسان ہوگا۔

وزیراعظم

مزید : کراچی صفحہ اول