چارسدہ میں دن دیہاڑے پڑانگ روڈ پر چوری کی دلیرانہ واردات
چارسدہ (بیورو رپورٹ)شہرکے مصروف ترین بازار پڑانگ روڈ پر دن دہاڑے دیدہ دلیر چوروں کی بڑی کاروائی ۔ چور جی پی او کے سامنے دکان کے تالے توڑ کر ساڑھے تین لاکھ روپے نقد ، ایک پستول اورد یگر سامان اٹھا کر رفو چکر ہو گئے ۔ پولیس کی کار کر دگی پر سوالات اٹھ گئے ۔تفصیلات کے مطابق سٹی تھانہ کے حود پڑانگ روڈ پر دن دہاڑے چوری کی واردات میں چور دکان سے دن دہاڑے ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی اور ایک پستول چوری کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے متاثرہ تاجر جواد نے بتایا کہ وہ نماز کیلئے دکان بند کرکے گیا جب واپس آیا تو دکا ن کا لاکھ توڑا ہو ا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ دکان میں ساڑھے تین لاکھ روپے نقد اور ایک لائنس یافتہ پستول پڑا تھا ۔انہوں نے کہا کہ نقدی میں ایک لاکھ پچیس ہزار روپے مچھلی فروشوں کے تھے اور باقی ماندہ یوٹیلیٹی بلز کے کیش تھے جبکہ ذاتی پرس میں پچیس ہزار روپے تھے۔ مقامی پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرائی مگر پولیس کی طرف سے ابھی تک کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ انہوں نے وزیر اعلی ، آئی جی اور ڈی پی او چارسدہ سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ ان کو انصاف فراہم کیا جائے کیونکہ دن دہاڑے چوری کی واردات ریاست کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔