بھارتی جارحیت پراقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،عبدالقیوم خان
مظفرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر سابق سینئر وزیر و ممبر اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن او آئی سی رابطہ گروپ جاگیں اور بھارتی افواج کی خونی لکیر پر آکر قتل و غارت گری رکوائی ہماری مائیں بہنیں ، بیٹیاں بزرگ ،مرد ،جوان بچے شہید ہورہے ہیں دنیا بتائے ان کا کیا قصور ہے ؟ اقوام متحدہ ، او آئی سی ، یورپی پارلیمنٹ سمیت انسانی حقوق کے ادارے خاموش تماشائی کیوں بنے ہیں ۔ بیرون ممالک مقیم پاکستانی اور کشمیری مل کر خونی لکیر (کنٹرول لائن) پر بھارتی خون ریزی کیخلاف تحریک چلائیں ۔ جلسے ، جلوس ، مظاہروں کا انعقاد کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی گولہ باری ، فائرنگ سے خونریزی کے جواب میں ہماری پاک افواج کیلئے روز اول سے یہ بہت بڑا مسئلہ درپیش ہے ۔ لائن آف کنٹرول کی دوسری طرف کشمیری ہی آبادہیں مقبوضہ کشمیر حریت کانفرنس کی قیادت اور عوام آبادی کو خونی لکیر سے دور محفوظ جگہوں پر تحفظ کیلئے کوششیں کریں تاکہ پاک افواج کو بھارتی فوج کی قتل وغارت کا منہ توڑ جواب دینے میں آسانی ہو۔ راجہ عبدالقیوم خان نے کہا کہ پاکستانی عوام کی کشمیریوں اور کشمیری عوام کی پاکستان کیلئے قربانیاں انسانی تاریخ کا ناقابل فراموش باب اور پاکستان کشمیر کے مذہبی جغرافیائی ، نظریاتی ، ثقافتی بندھنوں کی ایسی سچائی ہیں جن کا رشتہ لہو کی طاقت سے جڑا ہواہے اور تاحیات قائم و دائم رہے گا۔