زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں
شادی کا زائچہ لگا دیں
سمیر(راولپنڈی)
سوال: میری شادی کہاں ہو گی اور نوکری کے متعلق بھی بتا دیں؟
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق آپ کا طالع پیدائش زحل کی نحوست کا شکار ہے جس کی وجہ سے معاملات زندگی میں مشکلات اور پریشانیاں آئیں گی۔ شادی اور ازدواجی حوالے سے زائچے میں مسائل نظر آرہے ہیں۔ موجودہ دور کو صبر وتحمل اور روحانی تدابیر سے گزاریں۔ روحانی حوالے سے لوحِ فتح نامہ بمعہ تسطماتِ زحل بنوا کر پاس رکھیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
نامکمل کوائف
حافظ محمود (خانیوال)
سوال: میرا زائچہ بتا دیں۔
جواب: آپ کا شمسی برج، برج حوت ہے اور قمری برج، برج عقرب ہے۔ وقت پیدائش آپ نے بتایا نہیں لہٰذا اپنا وقتِ پیدائش ارسال کریں۔ تاکہ آپ کا مکمل زائچہ استخراج کیا جا سکے۔
کون سا نگینہ پہنوں ؟
کمال حیدر (ڈھوڈا)
سوال: میرا زائچہ بتا دیں۔
جواب: آپ کا شمسی برجِ برج حمل ہے۔ حاکم سیارہ مریخ ہے۔ طالعِ قمری آپ کا برجِ حوت ہے۔ زائچے میں اس وقت مہا دشا شمس کی چل رہی ہے یہ دور 3-6-25 تک چلے گا۔ آپ کے لئے مبارک نگینہ زمرد ہے اور عقیق یمنی ہے۔
شادی کس سے کروں؟
ابرار (چار سدہ)
سوال: میری شادی اپنوں میں ہو گی یا غیروں میں؟ نام کا پہلا حرف بھی بتا دیں۔ معاشی حالات کا بھی بتا دیں۔ باہر کے ملک کب تک جا پاؤں گا۔
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیے کے مطابق، بیرون ملک سفر کے امکانات ہیں، کچھ وقتی مشکلات آسکتی ہیں۔ جن کو صبر و تحمل اور روحانی تدابیر سے حل کیا جا سکتا ہے۔
طلاق کے بعد بچی کب ملے گی؟
عابدہ (لاہور)
سوال: میری 2010ء میں شادی ہوئی اور طلاق ہو گی۔ میں اپنے والدین کے ساتھ رہ رہی ہوں، بچی کا کیس عدالت میں چل رہا ہے یہ کب ختم ہو گا؟ نوکری کب ملے گی؟ میری قسمت میں دولت ہے یا نہیں؟ میری پریشانیاں کب ختم ہوں گی؟
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق، آپ کے زائچے میں راہو کی مہا دشا چل رہی ہے۔ یہ دور 22-8-2021 تک چلے گا۔ راہو آپ کے زائچے میں نحس ہے جس کی وجہ سے معاملات زندگی میں مشکلات اور پریشانیاں آرہی ہیں۔ حالات میں بہتری کے لئے ہفتہ کے دن سفید مولی کا صدقہ کریں۔ مبارک نگینہ زمرد پہنیں۔ ہفتہ کی شام کو کالے تل چیونیٹوں کو ڈالیں۔ مالی معاملات میں بہتری کے لئے لوحِ مشتری بنوا کر پاس رکھیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
ناکام بزنس کامیاب کب ہوگا ؟
محمد عاطف (فیصل آباد)
سوال: میرے بزنس میں نقصان پہ نقصان ہوتا چلا گیا، اب کام کرنے کو بھی دل نہیں کرتا، ایم۔ ایس۔ سی کی ہوئی ہے۔ میرے بزنس کا اچھا وقت کب شروع ہو گا؟
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق آپ کا طالع پیدائش برج اسد ہے۔ حاکم سیارہ شمس ہے۔ آپ کے لئے موجودہ وقت صبر و تحمل اور محنت کا ہے۔ انشاء اللہ محنت سے آپ کامیاب ہو سکتے ہیں۔
تیسری شادی کا سوال ہے؟
اقبال (راولپنڈی)
سوال: میری پہلے سے دو شادیاں ہوئی ہیں لیکن نباہ نہیں ہو سکا، پہلی بیوی سے ایک بیٹاہے، وہ مجھے کب ملے گا؟ میری اگلی شادی کب ہو گی؟ میرے لئے بہتر پتھر اور نوکری کون سی ہے؟ کمپیوٹر آپریٹر ہوں اور دس سال سے جیم سٹون کا کاروبار بھی کر رہا ہوں۔ خواب میں جو اشارے ملتے ہیں وہ 99% سچ ہوتے ہیں۔ کیا مجھے کوئی خفیہ بیماری بھی ہے؟
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق، آپ کے ساتویں گھر میں نیپچون کی نشست، ازدواجی زندگی میں مسائل کو ظاہر کرتی ہے۔ زائچے میں مہا دشا وینس کی چل رہی ہے۔ اس حوالے سے مختلف خواتین آپ کی زندگی میں آسکتی ہیں لیکن ازدواجی زندگی اور باہمی تعلقات میں مشکلات پیش آئیں گی۔ ازدواجی زندگی کے ساتھ آپ کو صحت کے معاملات میں توجہ دینی چاہیے۔ خصوصاً امراض مخصوصہ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ مزید آئندہ زندگی میں ہونے والے شریک حیات کا موازنی زائچہ ضرور بنوا لیں۔ تاکہ مستقبل کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
۔۔۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )