بھارت سے برابری کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے،افواج پاکستان نے دشمن کو بتا دیا ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا :ڈاکٹر نفیسہ شاہ

بھارت سے برابری کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے،افواج پاکستان نے دشمن کو بتا ...
بھارت سے برابری کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے،افواج پاکستان نے دشمن کو بتا دیا ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا :ڈاکٹر نفیسہ شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خیرپور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور  رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے دشمن ملک کو بتا دیا کہ پاک سرزمین کے خلاف ہونے والے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستانی فورسز ہمہ وقت تیار ہیں خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کا موقف واضح ہے، ہم نے پائلٹ واپس کیا اور دشمن نے غلطی سے سرحد پار جانے والے معصوم شہری کا جنازہ ہمیں دیا ،بھارت سے برابری کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان کی وفاقی حکومت کو جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہیے تھا ،بھارت خطے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرتے ہوئے جارحیت کا مظاہرہ کررہاہے جس پر محکمہ خارجہ اور وزیر خارجہ کو سخت موقف کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،جذبہ خیر سگالی کے بدلے میں کیا گارنٹی ہے کہ جارحیت، کشمیر میں ظلم اور دراندزی بند ہوگی ؟پلوامہ حملے میں پاکستان کسی بھی طرح ملوث نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی مانی ہوئی فورسز میں سے ایک ہے ، ملکی سلامتی و دفاع میں تمام سیاسی پارٹیاں ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔ایک  سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں تحقیقاتی ادارے کی جانب سے سپیکر سندھ اسمبلی  کے خلاف کارروائیاں قابل مذمت ہیں،سپیکر وفاق کی اکائی کا حصہ ہوتا ہے، خیبر پختونخواہ میں الگ نظام اور سندھ میں تحقیقاتی ادارے کا الگ طریقہ کار ہے جس پر سوالیہ نشان لگ رہے ہیں۔