تنخواہوں میں 25 فیصد تخفیف تفاوت الاؤنس کامیمورنڈم جاری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزارت خزانہ نے یکم مارچ 2021 سے گریڈ 1سے 19 تک کے وفاقی ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 25 فیصد تخفیف تفاوت الاؤنس کا آفس میمورنڈم جاری کر دیا۔وزارت خزانہ کے ریگولیشن ونگ کی طرف سے جاری دفتری یادداشت کے مطابق 25 فیصد تخفیف تفاوت الاؤنس کا اطلاق ان ملازمین پر نہیں ہو گا جو پہلے سے اضافی الاؤنس یا بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد مساوی یا اس سے زیادہ الاؤنس لے رہے ہیں۔ 25 فیصد تخفیف تفاوت الاؤنس 2017 کی بنیادی تنخواہ کے سکیل کے مطابق ہو گا۔ الاؤنس کا اطلاق گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے تمام سرکاری ملازمین بشمول وفاقی سیکرٹریٹ اور ملحقہ محکموں پر ہو گا۔ یادداشت کے مطابق 58 اداروں اور محکموں کے ملازمین پر اس الاؤنس کا اطلاق نہیں ہو گا کیونکہ وہ پہلے سے ہی اضافی الاؤنس یا بنیادی تنخواہ کے برابر اور اس سے زیادہ الاؤنس حاصل کر رہے ہیں۔ایک اور آفس میمورنڈم کے ذریعے تخفیف تفاوت الاؤنس کے اطلاق سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری ریگولیشنز وزارت خزانہ کی قیادت میں کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں جوائنٹ سیکرٹری ریگولیشنز فنانس ڈویژن، ڈپٹی ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل، ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں میں جوائنٹ سیکرٹریز کے عہدے کا افسر شامل ہو گا جبکہ ڈپٹی سیکرٹری (آر آئی) وزارت خزانہ کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔
میمورنڈم