چار ماہ میں مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، عابد حسین صدیقی

  چار ماہ میں مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، عابد حسین صدیقی

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ مہنگائی 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ حکومت نام کی چیز خوردبین سے بھی نظر نہیں آ رہی یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گھی‘ چینی‘ آٹا‘ چکن‘ چاول‘ انڈے‘ مصالحہ جات اور دیگر اشیاء خوردنی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں ہیں۔ حکومت اشیاء ضروریہ کے نرخ کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتی ہے مہنگائی کا منہ زور گھوڑا عوام کو روندرہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فلفور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کرے۔

 اور مہنگائی پر قابو پائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں ایک روپے 84 پیسے کلو اضافہ کر دیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر 21 روپے 78 پیسے جبکہ کمرشل سلنڈر 84 روپے مہنگا ہو گیا۔ قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 159 روپے 73 پیسے کلو ہوگئی جبکہ فروری میں ایل پی جی کی قیمت 157 روپے 89 پیسے کلو تھی۔عوام کو سہولتیں دینے کے وعدے کب پورے ہونگے۔ مقتدر حلقے اگر کسی پندھڑواڑے پٹرول کی قیمت نہیں بڑھاتے تو دو ہفتے کے اسی دورانیے میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے نرخ کئی بار بڑھا دیئے جاتے ہیں۔ یہی صورتحال ایل پی جی کی ہے اب سردی ختم ہو چکی ہے‘ لیکن نرخ پھر بھی بڑھا دیئے گئے ہیں جو یقینا صارفین پر اضافی بوجھ ہوگا۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -