آدھی مدت اقتدار گزانے کے باوجود پی ٹی آئی کی حکومت بے سمت: سراج الحق 

آدھی مدت اقتدار گزانے کے باوجود پی ٹی آئی کی حکومت بے سمت: سراج الحق 

  

 لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے ملک کی کشتی بھنور میں ہے، آدھی مدت اقتدار گزارنے کے باوجود پی ٹی آئی کی حکومت بے سمت، دعوے وعدے کاغذی ثابت ہوئے۔ اسمبلیاں اکھاڑوں کا منظر پیش کررہی ہیں، سیاسی اخلاقیات کا جنازہ نکل چکا۔ عوامی نمائندوں کا سینٹ الیکشن کے دوران کنڈکٹ غیر سنجیدہ رہا، خدارا جمہوریت اور جمہوری اداروں کو تماشا نہ بنایا جائے۔ مفادات اور مک مکاؤ کی سیاست میں نقصان ملک اور قوم کا ہی ہورہا ہے۔ غریب روٹی کے لقمے کے لیے ترس رہا ہے۔ تبدیلی حکومت نے عوام کو سب سے زیادہ دھوکہ دیا۔ نوجوان مایوس، کسان پریشان اور مزدور بے حال ہیں۔ وزیراعظم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کاوعدہ پورا کرنے کے لیے ان کے پاس وقت نہیں رہا۔ مزید یوٹرنز لینے کا بھی ٹائم گزر چکا، قوم جواب مانگ رہی ہے۔ گزشتہ سات دہائیوں میں ملک کے ریسورسز کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا گیا۔ عوام جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ ملک میں بلدیاتی الیکشن ہوئے نہ ہی الیکٹوریل ریفارمز ہو سکیں۔ مہنگائی، بیروزگاری، غربت، ناخواندگی، غیر ملکی قرضے پی ٹی آئی کی حکومت کے اب تک کے تحائف ہیں جو عوام میں وافر مقدار میں تقسیم کیے گئے۔ آزمائے ہوئے وڈیروں اور استعمار کے نمائندوں کا وقت گزر چکا، جماعت اسلامی ملک کی تقدیر سنوارے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آٹھ گھنٹوں کی طویل نشست میں مرکزی قائدین نے ملک کی سیاسی صورتحال، داخلی اور خارجی سطح پر درپیش چیلنجز، لوکل گورنمنٹ الیکشنز، جماعت اسلامی کی تنظیمی صورتحال اور تیاریوں پر بحث و مباحثہ کیا اور مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جاری تحریک میں آنے والے دنوں میں مزید تیزی لائے گی اور مختلف شہروں میں بھرپور جلسے اور ریلیاں منعقد ہوں گی۔ امیر جماعت نے مرکزی قائدین کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ہر سطح پر عوام سے رابطے بڑھائیں اور ملک بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور سپورٹرز کو متحرک کریں۔ آنے والا وقت جماعت اسلامی کا ہے کیونکہ سالہاسال سے عوام کی گردنوں پر سوار اشرافیہ نے قوم کو سوائے دھوکہ اور فراڈ کے اور کچھ نہیں دیا۔ قائدین جماعت سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے بار بار کے مطالبات کے باوجود ملک میں الیکشن ریفارمز کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہوئی۔ بلدیاتی الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے نچلی سطح پر مسائل کا انبار منہ کھولے کھڑا ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں موجود اشرافیہ عوام سے لاتعلق اور غیر سنجیدہ سیاست میں الجھی ہوئی ہے۔ معیشت تباہی کے دہانے پر ہے۔ 

سراج الحق

مزید :

پشاورصفحہ آخر -