سینیٹ الیکشن میں بھی سٹہ اور بولیاں لگی ہیں،سید عبدالرشید

سینیٹ الیکشن میں بھی سٹہ اور بولیاں لگی ہیں،سید عبدالرشید

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رکن سندھ اسمبلی اور جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ کرکٹ میچ کی طرح سینیٹ الیکشن میں بھی سٹہ اور بولیاں لگی ہیں۔جماعت اسلامی نے الیکشن میں ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر قائم ہیں۔پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کے رکن سے ووٹ خریدنے کی کوشش نہیں کی۔ارکان اسمبلی کی بولی 2 سے 25 کروڑ روپے تک لگائی گئی ہے۔ضمیر کا سودا کرنے والے ارکان اپنے حلف کو یاد کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید عبدالرشید نے کہا کہ کل سندھ اسمبلی کا منظر افسوسناک اور توہین آمیز تھا۔ایوان میں تشدد کا واقعہ پہلی مرتبہ نہیں  ہوامگر اس کا سدباب ضروری ہے۔اسپیکر کو اس معاملے میں اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔اسپیکر ایکشن لیں تو کوئی بھی اسمبلی کا وقار پامال نہیں کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ براہ راست انتخابات ہو یا ایوان بالا کا، نوٹوں کی سیاست ہر جگہ ہے۔آئین کی دفعہ 62،63 پر عمل کرکے ہی ہارس ٹریڈنگ کو روکا جاسکتا ہے۔سید عبدالرشید نے کہا کہ ایک رکن سے موبائل فون برآمد ہونے کی وجہ سے پولنگ رکنے کی بھی اطلاع ملی ہے۔تمام ارکان کو الیکشن کمیشن کے ضابطوں پر عمل کرنا چاہیے۔الیکشن کے اس پورے نظام پر شفافیت کا سوال اٹھ رہا ہے۔کرکٹ میچ کی طرح سینیٹ الیکشن پر بھی سٹہ اور بولیاں لگ رہی ہیں۔نو بال، چوکے، چھکے کی طرح سٹہ لگانے کے لیے تمام ہوٹلوں میں بکیز اور سرمایہ دار بیٹھے ہیں۔ارکان اسمبلی کی بولی 2 سے 25 کروڑ روپے تک لگائی گئی ہے۔بہت سے معاملات سے واقف ہوں، اسی لیے کھل کر بول رہا ہوں۔رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کا جمہوری عمل سے اعتماد ختم ہورہا ہے۔سینیٹ کے ٹکٹ بھی سرمایہ داروں کو دے کر پیسے لیے گئے ہیں۔جماعت اسلامی نے ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا اس پر قائم ہیں۔ضمیر کا سودا کرنے والے ارکان اپنے حلف کو یاد کریں۔بڑی بڑی پیشکشوں کی اہمیت نہیں اصل فیصلہ پارٹی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ اغوا اسے کیا جاتا ہے جس کی بنیادیں کمزور ہوتی ہیں۔پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کے رکن سے ووٹ خریدنے کی کوشش نہیں کی۔ہوسکتا ہے پیپلز پارٹی نے کسی اور کو خریدنے کی کوشش کی ہوگی مگر مجھے نہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -