جنگلی حیات نے6ہزار سے زائد چڑیاقبضے میں لے لیں 

جنگلی حیات نے6ہزار سے زائد چڑیاقبضے میں لے لیں 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ورلڈ وائلڈ لائف ڈے پر جنگلی حیات سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے جامشورو ٹول پلازہ پر 6ہزار 800 چڑیا اور بلبل قبضے میں لے لیں۔محکمہ جنگلی حیات سندھ کے مطابق تحویل میں لی گئی جنگلی حیات مسافر بس کے ذریعے کراچی منتقل کی جارہی تھیں۔ کارروائی کے دوران ایک فرد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔اس ضمن میں سندھ وائلڈ لائف کے انسپکٹر اعجاز علی نے بتایا کہ پکڑی جانے والی چڑیوں کو میانی فاریسٹ میں آزاد کر دیا گیاہے۔انہوں نے بتایاکہ قبضے میں لی گئی چڑیا اور بلبل  دیہی سندھ کے علاقے مہیڑ سے اسمگل کی جا رہی تھیں۔ دیہی سندھ کے کچھ اضلاع میں کمیونٹی کی بنیاد پر دور افتادہ علاقوں کے باسی اس کاروبار سے منسلک ہیں اور ان افراد کے پرندہ مارکیٹوں میں دکانداروں سے رابطے ہیں۔کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف جاوید مہر کی خصوصی ہدایات پر اس کاروبار سے وابستہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیاگیاہے۔انہوں نے بتایاکہ رواں سال پکڑی جانے والی چڑیوں کی تعداد 19 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ دو ہفتے قبل بھی 6ہزار کے قریب چڑیوں کو تحویل میں لینے کے بعد کراچی کے مضافاتی علاقے میں آزاد کر دیا گیا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -