طارق سلمان خان فارانی کی یاد میں محفل موسیقی اور تعزیتی ریفرنس

طارق سلمان خان فارانی کی یاد میں محفل موسیقی اور تعزیتی ریفرنس

  

طارق سلمان خان فارانی کا شمار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے ان طلبائے قدیم میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اس ادارے کے لئے وقف کر رکھی تھی بطور پروگرام آفیسر وہ طویل ترین عرصہ نذیر احمد میوزک سوسائٹی کے نگران رہے اور جی سی کے طلباء و طالبات کو موسیقی کی تعلیم دیتے رہے۔ ان کی رہنمائی کے باعث اس ادارے نے ایسے بے شمارفنکاروں اور گلوکاروں کو جنم دیا جو موسیقی کی دنیا میں بے پناہ معروف اور ممتاز ہوئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ اس ادارے اور میوزک سوسائٹی سے وابستہ رہے۔ ان کی اچانک وفات پر بخاری آڈیٹوریم میں ایک باوقار تعزیتی ریفرنس اور محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر استاد حامد علی خان اور دیگر بڑے فنکاروں اور طلباء و طالبات نے محفل کے رنگوں کو دوبالا کیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کی انہوں نے اپنے خطاب میں طاق سلمان خان فارانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں گورنمنٹ کالج کا محسن قرار دیا اس موقع پر طارق سلمان خان فارانی کی تصویر بخاری آڈیٹوریم میں لگائی گئی اور ان کے نام کی تختی میوزک سوسائٹی کے باہر نصب کی گئی۔ ڈاکٹر اصغر زیدی نے کہا کہ ہم عصر حاضر میں موجود اولڈ راوینز کی پذیرائی اور اعتراف خدمت کے لئے شاندار تقاریب منعقد کریں گے اس ضمن میں سید بابر علی شاہ، ایس ایم ظفر اور ضیاء محی الدین کے اعزاز میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ طارق سلمان خان فارانی کی یاد میں اس تعزیتی ریفرنس اور محفل موسیقی کے سلسلے میں پروفیسر صائمہ ارم صدر شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی انچارج میوزک سوسائٹی اور پروفیسر صدیق اعوان نے گرانقدر کاوشیں کیں۔ ایک طویل عرصے کے بعد بخاری آڈیٹوریم میں یہ ایک یادگار تقریب تھی۔ تقریب کے اختتام پر فیکلٹی اراکین اور مہمانوں کے لئے شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔

مزید :

ایڈیشن 1 -