’ جن ارکان کو چور کہہ رہے ہیں انہی سے اعتماد کا ووٹ لینا چاہ رہے ہیں‘ یوسف رضا گیلانی نے ایسی بات کہہ دی کہ عمران خان کی پریشانی کی حد نہ رہے

’ جن ارکان کو چور کہہ رہے ہیں انہی سے اعتماد کا ووٹ لینا چاہ رہے ہیں‘ یوسف ...
’ جن ارکان کو چور کہہ رہے ہیں انہی سے اعتماد کا ووٹ لینا چاہ رہے ہیں‘ یوسف رضا گیلانی نے ایسی بات کہہ دی کہ عمران خان کی پریشانی کی حد نہ رہے
سورس:   Twitter

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ  اعتماد کا ووٹ اس وقت لیا جاتا ہے جب وزیر اعظم اکثریت کھودیں، یہ کیا بات ہوئی کہ آپ اپنے ہی ارکان کو چور بھی کہیں اور ان سے اعتماد کا ووٹ بھی لیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینا چاہ رہے ہیں۔ اعتماد کا ووٹ اس وقت لیا جاتا ہے جب صدر کو اس بات کا یقین ہوجائے کہ وزیر اعظم اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، اسی صورت میں صدر اعتماد کے ووٹ کا کہتا ہے، عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے کے بعد ہماری بات کی تصدیق ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے وہ پی ٹی آئی میں اپنا مستقبل محفوظ نہیں دیکھ رہے ، وہ ہوا کا رخ دیکھ رہے ہیں اور جو آنے والے ہیں ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کارکردگی کی بنیاد پر ضمنی انتخابات  میں کامیابیاں حاصل کیں۔

یوسف رضا گیلانی کے مطابق یہ اپنے ہی لوگوں کو چور بھی کہیں اور ان سے اعتماد کا ووٹ بھی لیں، یہ کیا بات ہوئی؟

خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ الیکشن میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو شکست دے دی تھی۔ یوسف رضا گیلانی نے 169 جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے تھے۔

مزید :

قومی -