سینیٹ الیکشن میں نواز شریف نے اللہ کی طاقت جبکہ عمران خان نے ایک پیج کی طاقت پر یقین کیا : مریم نواز 

سینیٹ الیکشن میں نواز شریف نے اللہ کی طاقت جبکہ عمران خان نے ایک پیج کی طاقت ...
سینیٹ الیکشن میں نواز شریف نے اللہ کی طاقت جبکہ عمران خان نے ایک پیج کی طاقت پر یقین کیا : مریم نواز 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں نواز شریف نے اللہ کی طاقت پر یقین کیا اور جیت گیا جبکہ عمران خان نے ایک پیج کی طاقت پر انحصار کیا اور ہار گئے ،عمران خان کا یہ حال ہے کہ اپنے بل بوتے پر ایک نشست بھی نہیں جیت سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج ملک بھر میں نواز شریف کے بیانیے کا ڈنکہ بج رہا ہے اور لوگ عمران خان کو جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں ،جب گوجرانوالہ میں نواز شریف نے خطاب کیا تو مسلم لیگ ن کے بہت سے رہنما ہکا بکا رہ گئے ،ان کی سمجھ میں نواز شریف کی بات ہی نہیں آئی ،اگر اس وقت میاں نواز شریف بہادری دکھا کر نام نہ لیتے تو آج نواز شریف کا بیانیہ پورے ملک میں اس طرح نہ پھیلتا ۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز سینیٹ الیکشن کے بعد حکمران جماعت کے رہنما ہاری ہوئی شکلیں لے کر ٹی وی پر آگئے اور کہتے ہیں کہ الیکشن میں پیسہ چلا ،میں پوچھنا چاہتی ہو ں کہ تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات میں چاروں صوبوں میں شکست ہوئی کیا وہاں بھی پیسہ چلا ،وہاں پیسہ نہیں مسلم لیگ ن کی ٹکٹ چلی ۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنے ار اکین اسمبلی کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں دیا ،وہ حکو متی کرپشن کا بوجھ اٹھا کر اپنے حلقوں میں کس منہ سے جائیں گے اس لیے اب وہ نئے سیاسی راستے تلاش کر رہے ہیں ۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستانی عوام نے کل جوسینیٹ میں شکست دیکھی ،وہ عمر ان خان کو پہلے ہی نظر آرہی تھی اس لیے کبھی شو آف ہینڈز کی بات کرتے تھے تو کبھی سپریم کورٹ کو اس معاملے میں بیچ میں لاتے تھے ۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو جھوٹے اقامے پر نکال کر ،جھوٹے مقدموں میں سزائیں دلوا کر اور لیگی قیادت کو جیلوں میں ڈال کر ان کا خیال تھا کہ مسلم لیگ ن کو توڑ دیں گے لیکن نواز شریف کا ایک کارکن بھی نہیں ٹوٹا بلکہ اس طرح کی کوششیں کرنے والے خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ہر کارکن نے ان کے بیانیے کا بوجھ اٹھا یا اور آج ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ پورے پاکستان میں پھیل چکا ہے اور باقی سب بیانیوں کی موت ہو گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ میں شامل ’ن ‘کا ایک مقصد نواز شریف ہے تو اب دوسرا مقصد نظر یہ ہے ،نواز شریف نظریے کی سیاست پر یقین نہ رکھتے تو حالات نہ بدلتے لیکن جس بہادری سے نواز شریف نے عوام کا مقدمہ لڑا اس سے حالات بدل گئے ،نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوانوں کو ہلا کر رکھ دیا ۔

مزید :

قومی -