"میرے استاد میرے مہربان" آغاز سحر کمیونٹی اور محکمہ جنگلات  کا پنجاب یونیورسٹی میں  شجر کاری مہم کا آغاز

"میرے استاد میرے مہربان" آغاز سحر کمیونٹی اور محکمہ جنگلات  کا پنجاب ...

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)  آغاز سحر کمیونٹی ٹرسٹ پاکستان اور محکمہ جنگلات کی طرف سے"میرے استاد میرے مہربان" کے نام سے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ و شیخ زید اسلامک سنٹر میں سر سبز پاکستان شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا ،اس مشن کے تحت ایک باقاعدہ باغ لگایا جائے گا جس میں ہر استاد کے نام کا ایک پھل دار پودا لگایا جائے گا۔شجر کاری مہم کا افتتاح معروف موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ اور  پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے کیا ،اس موقع پر اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

شعبہ علوم اسلامیہ  جامعہ پنجاب میں منعقدہ شجرکاری مہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  قاسم علی شاہ نے کہا کہ ہمیں ایسی ایکٹویٹی  کرتے رہنا چاہیے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسل کے لیے کچھ صدقہ جاریہ کر سکیں ۔ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ جامعہ پنجاب ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نےمہمانان گرامی کا پروگرام میں شرکت اور اساتذہ کرام کے نام پر ایک باغ کے قیام کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں بحثیت قوم اپنے وطن کے لیے کوشش کرنا چاہیے اور اس کو سر سبز و شاداب بنانا چاہیے ۔

آغاز سحر کمیونٹی ٹرسٹ کے ڈائریکٹر عبدالباسط بلوچ  نے  مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور اپنے حصے کا ایک پودا لگانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب تک 18ہزار پھل دار  پودے مختلف سکولز  کالجز  یونیورسٹیز،اور مساجد  اور روڈ سائیڈ پر لگائے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے،ہم اپنے وطن کے لیے کوشش کرتے رہیں گے اور ملک کو خوبصورت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کریں گے۔تقریب  میں ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ، ڈاکٹر محمد اعجاز ، ڈاکٹر غلام علی خان ،ڈاکٹر حارث مبین، ڈاکٹر اشتیاق گوندل ، ڈاکٹر حسن مدنی ، ڈاکٹر محمد افضل ، ڈاکٹر  شاہدہ پروین ، ڈاکٹرمحمد عثمان  ،عبدالرحمان امجد ،قاری شفیق الرحمن زاہد ،اینکر پرسن فہد شہباز ،اختر علی سمیت  دیگر مہمانوں نے شرکت کی ۔

مزید :

ماحولیات -