اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا کیا ہے؟ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں واضح کردیا

اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا کیا ہے؟ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں واضح کردیا
اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا کیا ہے؟ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں واضح کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ کسی طرح انہیں بلیک میل کرکے این آر او حاصل کرلیا جائے۔

گزشتہ روز ہونے والے سینیٹ الیکشن کے نتائج کے بعد آج قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  اگر آپ اس سینیٹ الیکشن کو سمجھ جائیں تو ہمارے ملک کے مسئلے مسائل سمجھ جائیں گے۔ ہم نے چھ سال پہلے سینیٹ میں پہلی بار حصہ لیا،  تب اندازہ ہوا کہ سینیٹ کے الیکشن میں پیسہ چلتا ہے، جو سینیٹر بنتا ہے وہ پیسہ استعمال کرکے اراکین اسمبلی کو خریدتا ہے۔ اگر ایک سینیٹر رشوت دے کر سینیٹر بن رہا ہے اور اراکین اسمبلی پیسے لے کر ووٹ بیچ رہے ہیں تو  یہ کون سی جمہوریت ہے، اس کے بعد ہم نے اوپن بیلٹ کی مہم شروع کی۔ 2018 کے الیکشن میں ہمارے 20 ارکان نے پیسے لے کر ووٹ بیچے جس پر انہیں پارٹی سے نکالا۔ 

انہوں نے کہا کہ ووٹ بیچنے والے اراکین اسمبلی میں سے ہی لوگوں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بننا ہوتا ہے، اس کے بعد مہم شروع کی تھی کہ یہ ہماری جمہوریت کے ساتھ کیا مذاق ہو رہا ہے۔ ہم نے پارلیمنٹ میں اوپن بیلٹ کا بل پیش کیا لیکن یہ منظور نہیں ہوا جس کے بعد سپریم کورٹ گئے جہاں کیس میں جج صاحبان نے بار بار پوچھا کہ پیسہ چلتا ہے،عدالت میں الیکشن کمیشن نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کی، پی ڈی ایم نے اکٹھے ہو کر کہا کہ سیکرٹ بیلٹ ہونا چاہیے،  کیا وجہ ہے کہ یہی جماعتیں اوپن بیلٹ چاہتی تھیں لیکن اب یہ سیکرٹ بیلٹ کے حق میں دلائل دے رہی تھیں؟۔

وزیر اعظم کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے اوپن بیلٹ کی مخالفت اس لیے کیونکہ جب سے ہماری حکومت آئی ہے تب سے کرپٹ لیڈرز کو خوف لاحق ہوگیا کہ عمران خان نے کرپشن کے اوپر مہم چلائی ہے تو کہیں یہ ہمارے کیسز آگے نہ بڑھادے، میں نے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہو جائیں گے اور شور مچائیں گے ۔  یہ ان کے اپنے دور کے کیسز ہیں، ہمارے دور میں تو پانچ فیصد بھی کیسز نہیں بنے۔ انہوں نے پہلے بلیک میل کرنے کی کوشش کی ، پھر انہوں نے کورونا اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے بل  کے نام پر  این آر او لینے کی کوشش کی۔ جب فیٹف بل پیش  کیا تو ان سب نے مل کر ہمارے پاس این آر او کی شرائط دے دیں اور کہا کہ نیب کو ختم کردیں گے تو سپورٹ کریں گے، ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ مجھے بلیک میل کرکے این آر او لیں۔

مزید :

قومی -