خواتین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح،رمیش سنگھ

خواتین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح،رمیش سنگھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار)پروونشل ٹاسک فورس آن ہیومن رائٹس کا 9واں اجلاس لاہور میں ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کی نیشنل ایکشن پلان آن بزنس اینڈ ہیومن رائٹس پر عملدرآمد کے لیے صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کے مسودہ نوٹیفکیشن پر غور کیا گیا اور اسے جلد حتمی منظوری دینے پر اتفاق کیا گیا۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے اور ذمہ داریاں واضح کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور صنفی مساوات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پنجاب انٹر فیتھ ہارمنی پالیسی کے مسودے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اسے جلد منظوری کے لیے متعلقہ فورم پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 40 محکموں میں قائم مائنارٹی سیلز کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کے تحت جیلوں میں مفت قانونی امداد کے پائلٹ پراجیکٹ پر غور کیا گیا اور متعلقہ محکموں کو عملدرآمد کا روڈ میپ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ مستحق قیدیوں کو مفت قانونی امداد کی فراہمی کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔

 سرکاری اور نجی عمارتوں میں معذور افراد کے لئے لازمی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا اور تمام محکموں کو عمارتیں ڈس ایبلٹی فرینڈلی بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے ڈیڑھ سال بعد اجلاس کے انعقاد پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔ فیصلہ کیا گیا کہ اگلا اجلاس جون میں لازمی ہوگا اور سال میں کم از کم تین اجلاس یقینی بنائے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ تمام اجلاس ایجنڈا بیسڈ اور رزلٹ اورینٹڈ ہوں گے، ہر فیصلے پر مسلسل فالو اپ کیا جائے گا، واضح ٹائم لائنز دی جائیں گی اور باقاعدہ مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا جو تمام فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گا۔