طیارہ خریدنے کے بعد پنجاب حکومت کے اخراجات میں اضافہ ہونے لگا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) طیارہ خریدنے کے بعد پنجاب حکومت کے اخراجات میں اضافہ ہونے لگا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے آپریشن اور اخراجات کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ منظورکرلی گئی۔پنجاب حکومت نے وی آئی پی فلائٹ کیلئے 86کروڑ15لاکھ روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دیدی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پائلٹس کو ہر چار سے چھ ماہ بعد امریکا میں ریفریشر کورس کرنا لازمی قراردیدیا گیا ہے،وی آئی پی فلائٹ کے پائلٹس کے ٹریننگ سفروں پر6کروڑ51لاکھ روپے خرچ ہونگےپائلٹس کے ریفریشر کورسز کیلئے 14کروڑ33لاکھ روپے اضافی درکار ہیں،آپریشنل سبسکرپشن اور پروگرامز کیلئے 49کروڑ78لاکھ روپے مزید درکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق وی آئی پی طیارے کے ایندھن کیلئے تقریباً5کروڑ روپے اضافی درکار ہیں،طیارے کے باعث انشورنش اخراجات بھی کئی گنا بڑھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے،وی آئی پی طیارے کی انشورنس کیلئے 6کروڑ40لاکھ روپے اضافی مانگ لئے گئے،تکنیکی عملے اور کنسلٹنٹس کیلئے 50لاکھ رپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وی آئی پی طیارے کے پرزے امریکا سے درآمد، ڈیوٹی اور ٹیکس بھی ادا کیا گیا۔
