کوہستان مالیاتی سکینڈل کا ایک اور ملزم نجی کمپنی کا مالک گرفتار
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کوہستان مالیاتی سکینڈل میں ایک اور ملزم نجی کمپنی کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کوہستان مالیاتی سکینڈل میں ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم بختیار خان کوہستان سکینڈل میں ملوث ہے اور اسے تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق گلگت سے ہے اور وہ ایک نجی کمپنی کا مالک ہے جبکہ اس نے ایک فرضی کمپنی بھی قائم کر رکھی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو مختلف مدات میں ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں جن کی بنیاد پر اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم نے عبوری ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا تاہم عدالت نے اس کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔
