وفاقی وزیرِ پیٹرولیم سے سعودی سفیر کی ملاقات، پاکستان کو متبادل یانبو روٹ سے تیل سپلائی کی یقین دہانی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو موجودہ صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی توانائی منڈیوں پر اثرات سے متعلق آگاہ کیا۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ بدلتی ہوئی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کسی بھی ہنگامی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کی جانب سے متبادل تیل سپلائی روٹ کے طور پر یانبو کی بندرگاہ کے استعمال کی درخواست کی گئی، جس پر سعودی عرب کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے سپلائی اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ خام تیل اٹھانے کے لیے ایک جہاز کو پاکستان سے بندرگاہ یانبو روانہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان عوام کے لیے توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔پاکستان کی بیشتر پیٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے اور ان حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ممالک کی حمایت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
