اہم فیصلے فوری لیے جائیں گے ،پیٹرولیم ذخائر کے حوالے سے وزیر خزانہ نے صورتحال بتا دی
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر فی الحال وافر مقدار موجود ہیں۔
سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں کمیٹی کو ملک کی معاشی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا ہےکہ وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر کام کر رہی ہے، اہم فیصلے فوری طور پر لیے جائیں گے، مارچ کے آخر تک کے پیٹرولیم ذخائر موجود ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔ توانائی کی بچت کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ علاقائی کشیدگی اگر جاری رہی تو اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ آئی ایم ایف کے مشن کی روانگی ان کا ادارہ جاتی فیصلہ تھا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
