مقبرۂ جہانگیر کو براہ راست روڈ سے منسلک کرنے کیلئے پل بنانے کا فیصلہ،والڈ سٹی سے بجلی اوردیگرتاروں کوہٹانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت لاہور ہیرٹیج ایریازریوائیول (لہر) سے متعلق خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں قدیمی اورتاریخی عمارتوں کی بحالی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔لاہور کے مال روڈ پر ہر قسم کے احتجاجی جلسے، جلسوں پرپابندی کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر شاہی قلعہ کے تمام حصوں کو مکمل طورپر قدیمی حالت میں بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ 40ایکڑ پر محیط شاہی قلعہ میں 26یادگاروں کو اصل صورت میں بحال کیا جائے گا۔
اجلاس میں تاریخی عمارتوں کی بحالی اوردیکھ بھال کیلئے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ میں نیاونگ بنانے کی تجویزکا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کھڑک سنگھ حویلی اورپرانے سرونٹ کوائٹر زکو بحال کرکے ٹورازم کے فروغ کیلئے ہوٹل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں مقبرۂ جہانگیر کو براہ راست روڈ سے منسلک کرنے کیلئے پل بنانے کی منظوری دی گئی۔ مقبرۂ جہانگیر تک پل کی تعمیر کیلئے ڈیڈ لائن دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پورے والڈ سٹی سے بجلی اوردیگرتاروں کوہٹانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ رنگ محل سکول کو قدیمی شکل میں بحال کرنے کا پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ مقبرہ نورجہاں اور آصف جاں کی تعمیر وبحالی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ٹولنٹن مارکیٹ تا لاہوری گیٹ،کچہری چوک تا نیلا گنبدکی بحالی اورتزئین نو کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ناصر باغ انڈرگراؤنڈ پارکنگ،ریلوے سٹیشن چوک اورمصری شاہ کی بحالی کے پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔ شاہ عالم مارکیٹ تا رنگ محل چوک عمارتوں کے بیرونی حصوں کے یکساں قدیمی ڈیزائن کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاک ٹی ہاؤس کی روایتی اورتاریخی حیثیت بحال کرنے کیلئے خوبصورت اوردلکش بیرونی ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ منٹو پارک میں کرکٹ گراؤنڈ اوراکھاڑے کی بحالی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
