امریکہ کا بھارتی بندرگاہوں سے مستفید ہونے کا دعویٰ ، بھارت کا مؤقف بھی آ گیا
واشنگٹن /نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکہ کا بھارتی بندرگاہوں سے مستفید ہونے کا دعویٰ ، بھارت کا مؤقف بھی آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت دفاع کے سابق مشیر ڈگلس نے امریکی ٹی وی سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ تنازع کے دوران امریکی بحری جہاز ممکنہ طور پر بھارتی بندرگاہوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق بھارت نے ایران کے خلاف جاری تنازع میں امریکی بحریہ کو بندرگاہیں دینے کا الزام مسترد کردیا۔بھارتی وزارت خارجہ نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کی معاونت سے متعلق دعوؤں کو جھوٹا، بےبنیاد اور من گھڑت قرار دیا گیا اور کہا کہ ایسے تبصروں سے گریز کیا جائے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران امریکی بحریہ کو بھارتی بندرگاہیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔
بھارت کا یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سری لنکا کے ساحل کے قریب ایرانی جنگی جہاز پر امریکی آبدوز نے حملہ کیا، یہ واقعہ عالمی سطح پر زیر بحث ہے۔
امریکی آبدوز کے حملے میں نشانہ بننے والا ایرانی جنگی جہاز بھارتی میزبانی میں ہونے والی فوجی مشقوں میں شرکت کے بعد واپس آرہا تھا۔
