یوم مئی کے موقعے پر سیاسی پارٹی کے بنانے کا اعلان نہیں کیا،جواد احمد
لاہور(فلم رپورٹر) معروف گلوکاراور ’’انٹرنیشنل یوتھ اینڈ ورکرز موومنٹ‘‘ کے بانی جواداحمد نے کہا ہے کہ پچھلے انتخابات میں مجھے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن میں نے صرف اس لئے ان سیاسی جماعتوں کے ساتھ وابستگی نہ کی کہ ان تمام سیاسی جماعتوں کا کسی غریب آدمی اوراس کے مسائل سے دور دورتک کوئی واسطہ نہیں ہے اورنہ ان کی امیرانہ اورشاہانہ پارلیمانی سیاست غریب آدمی کے مسائل حل کرسکتی ہے۔ جہاں تک بات سیاسی جماعت بنانے کی ہے تومیں اس بات کی شدت سے تردید کرتا ہوں۔ ان خیالات کااظہار جواداحمد نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں برابری کی تحریک شروع کرنے کااعلان کرتاہوں۔ ہمارے نبی پاک نے نہیں کہا تھا کہ آج تمام انسان برابر ہیں ، لیکن ہمارے حکمران اوراس کے قائم کردہ ادارے اس بات کومانتے ہیں ؟ کیا یہاں غریب کسانوں اورمزدوروں کیساتھ برابری کا سلوک کیا جاتا ہے ؟ ان کو وہ چیزیں اورسہولیات میسر ہیں جواس ملک میں بنتی، اگتی اورملتی ہیں؟ یہاں امیروں کیلئے اورقوانین اورغریبوں کیلئے اور قوانین ہیں۔ یہاں اسمبلیوں سے لے کرسڑکوں، کھیتوں، کھلیانوں، ملوں، فیکٹریوں، کارخانوں، اداروں اورگھروں میں روزغریبوں کا ستحصال ہوتاہے۔ چاہے وہ کسی بھی رنگ، نسل، مذہب، صنف، علاقے یا قومیت سے تعلق رکھتا ہو۔ یہ سب بنیادی باتیں ہیں جن کی وجہ سے میں نے برابری کی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب تک اس کے ممبران میں کالج اوریونیورسٹیوں کے سٹوڈنٹس شامل ہیں لیکن اب ٹریڈ یونینز اورکسانوں کوبھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ ہمارے ملک کے 85فیصد لوگوں کو کچھ نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریبوں کیلئے کام کررہے ہیں۔
جواد احمد نے تردید کی ہے کہ میں نے یوم مئی کے موقعے پر کسی سیاسی پارٹی کے بنانے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔ بلکہ صرف برابری کے نام پر ایک تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جو کہ میری تنظیم انٹرنیشنل یوتھ ایند ورکرز موومنٹ چلائے گی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں غریبوں ،مزدوروں اور کسانوں کو اپنی آواز بلند کرنے کے لئے ایک سیاسی عمل شروع کرنے کی اشدضر ٖورت ہے، ورنہ اُنہیں ان کے حقوق کبھی نہیں ملیں گے۔یقیننا ایک وقت ایسا آئیگا جب مزدوروں ،کسانوں اور مہنت کشوں کی اپنی پارٹی بنے گی اور وہ خود اس کا نام بھی رکھیں گے۔ میں اور میری تنظیم انٹرنیشنل یوتھ ایند ورکرز موومنٹ مُلک کے محنت کشوں کیساتھ کھڑے ہیں اور انکے برابری کے حقوق کے لئے ہم اُنکے ساتھ آخری حدتک جائینگے،جبکہ ملک میں ایک ایسا برابری کا نظام قائم ہوگاجس میں تمام انسانوں اور اُنکے بچوں کو اس ملک میں اُگنے والی، بننے والی اور اس میں ملنے والی تمام چیزیں اور سہولیات برابری کی بنیاد پر مُیسر ہوں گی ۔