سگریٹ ، شراب نوشی ، نمک کی مقدار ، ہائی بلڈ پریشر ، بلڈ شوگر اور موٹاپے پر قابو پاکر 2025ءتک 37ملین قبل ازوقت اموات کو روکا جا سکتا ہے‘طبی ماہرین

سگریٹ ، شراب نوشی ، نمک کی مقدار ، ہائی بلڈ پریشر ، بلڈ شوگر اور موٹاپے پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پیرس (اے پی پی) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سگریٹ ، شراب نوشی ، نمک کی مقدار ، ہائی بلڈ پریشر ، بلڈ شوگر اور موٹاپے پر قابو پاکر 2025ءتک 37ملین قبل ازوقت اموات کو روکا جا سکتا ہے ۔ اس بات کا انکشاف ماہرین طب نے طبی جریدے ” دی لینسنٹ “ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر 2025ءتک مذکورہ بری عادات پر قابو پانے سے عارضہ قلب ، پھیپھڑوں کی بیماریوں ، دل کے دورہ ، کینسر اور ذیابیطس سے مردوں میں 22فیصد اور خواتین میں 19فیصد قبل ازوقت اموات کو کم کیا جا سکتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر بری عادات پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا مطلب 30سے 70سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 60لاکھ افراد اور 70سال سے زائد عمر کے 2کروڑ 10لاکھ افراد کی قبل از موت کو روکنا اور ان کی عمر میں تقریباً 15سال تک کااضافہ کرنا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان اہداف کو حاصل کرنے کیلئے سگریٹ نوشی کو 30فیصد ، شراب نوشی کو 10فیصد ، نمک کی مقدار کو 30فیصد ، بلند فشار خون 25فیصد کم کرنے کے ساتھ ساتھ موٹاپے اور ذیابطیس پر قابو پانا ہوگا جبکہ 2025ءتک تمباکو نوشی پر 50فیصد تک قابو پانے سے قبل از اموات کی شرح مردوں میں 24فیصد اور خواتین میں 20فیصد کم کی جا سکتی ہے ۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ مذکورہ بری عادات پر قابو پانے کا زیادہ فائدہ کم آمدنی اور متوسط آمدنی والے ممالک میں ہوگا جہاں 3کروڑ 10لاکھ سے زائد اموات کو روکا جا سکتا ہے جبکہ اہداف کے حصول میں ناکامی کی صورت میں 2025ءتک 3کروڑ 88لاکھ سے زائد قبل از وقت اموات واقع ہوسکتی ہیں جو کہ 2010ءمیں ایک کروڑ 5لاکھ ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مزید :

عالمی منظر -