جنوبی کوریا ‘خراب موسم کے باعث بحری جہاز سے لاشوں کی تلاش کا کام رک گیا
سیول(اے پی پی) جنوبی کوریا میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے لاشوں کی تلاش کا کام خراب موسم اور تیز سمندری لہروں کے باعث روک دیا گیا ہے جبکہ حکام نے لاپتہ افراد کے کبھی نہ ملنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے ۔ جنوبی کورین بحریہ کے ترجمان کو میونگ لنک نے میڈیا کو بتایا کہ تا حال سرچ آپریشن کے دوران 228نعشیں نکال لی گئی ہیں -
جبکہ 74افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام خراب موسم کے باعث روک دیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق تیز اور بلند سمندری لہروں کے باعث غوطہ خوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم ٹھیک ہو جانے پر امدادی کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی جن میں 100سے زائد غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں جبکہ زیر سمندر 132میٹر کی گہرائی میں لاپتہ افراد کی نعشوں کو تلاش کیا جائیگا۔دوسری جانب جنوبی کورین حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شائد فیری حادثہ میں لاپتہ ہو جانے والے افراد کو کبھی تلاش نہ کیا جا سکے ۔ یاد رہے کہ جنوبی کورین بحری جہاز 16اپریل کو سمندر میں ڈوب گیا تھا۔ حادثہ کے وقت بحری جہاز پر ڈان ون ہائی سکول کے 300طلباءسمیت 476افراد سوار تھے ۔