بی سی بی کا نئے ہیڈ کوچ کےلئے عاقب جاوید سے رابطہ کرنے کا فیصلہ
ڈھاکہ (آئی این پی)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے نئے ہیڈ کوچ کےلئے سابق پاکستانی فاسٹ باﺅلر عاقب جاوید سے رابطے کا فیصلہ کر لیا۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم کے سابق کوچ شین جر گن سن کے مستعفی ہونے کے بعد بنگلہ دیشی بورڈ نے نئے کوچ کی تلاش کے لئے سرکرداں ہیں، اس کے لئے آئندہ ہفتے بورڈ کا اجلاس ہو گا جس میں مستعفی کوچ شین جر گن سن کو آئندہ ماہ بھارت کے خلاف سیریز تک ذمہ داریاں نبھانے کی درخواست کی جائے گی اور بعد میں کوچ کا تقرر کیا جائے گا لیکن جرگن سن کی جانب سے پیشکش قبول نہ کی جانے کی صورت میں بورڈ آئندہ ورلڈ کپ تک کوچ کے تقرر کا فیصلہ کرے گا۔ بنگلہ دیشی بورڈ نے اس حوالے سے مختلف ناموں پر غور کیا ہے۔ سابق پاکستانی فاسٹ باﺅلر اور متحدہ عرب امارات کے کوچ عاقب جاوید کو بنگلہ دیشی ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کی جائے گی۔ ثقلین مشتاق یا مشتاق احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کو ذمہ داری نہ ملنے کی صورت میں بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ باﺅلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ حکام کسی ایشین کو ٹیم کا کوچ بنانے کے لئے خواہشمند ہیں۔