انضمام الحق کی عدم دلچسپی گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ مقرر کئے جانیکا امکان
لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کی جانب سے عدم دلچسپی کے باعث سابق زمبابوین بلے باز گرانٹ فلاور کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سابق کپتان انضمام الحق کو بطور بیٹنگ کوچ قومی ٹیم کے ساتھ رکھنے کا خواہشمند تھا تاہم انضمام الحق کی جانب سے عدم دلچسپی اور بیٹنگ کوچ کے لئے درخواست نہ دینے کے باعث اب سابق زمبابوین بلے باز گرانٹ فلاور اس عہدے کے لئے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئیں گے۔ گرانٹ فلاور نے تمام کوچنگ کورسز کر رکھے ہیں اور وہ اپنے دور میں زمبابوے کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے تھے۔ سابق کپتان انضمام الحق ماضی میں پی سی بی کے روئیے سے نالاں ہیں جس کے باعث وہ یہ ذمہ داری اٹھانے کے خواہشمند نہیں۔ گرانٹ فلاور بین الاقوامی کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے ہیں، انہوں نے 67ٹیسٹ اور 221 ون ڈے میچز میں زمبابوے کی نمائندگی کی اور وہ 1992ءسے 2010ءتک 18 سال زمبابوے کی نمائندگی کرتے رہے۔