وزیر پٹرولیم سے سی این جی شیڈول میں تبدیلی پر اتفاق ہوگیا ‘غیاث عبداللہ

وزیر پٹرولیم سے سی این جی شیڈول میں تبدیلی پر اتفاق ہوگیا ‘غیاث عبداللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( کامرس ڈیسک) چئیرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ انھوں نے عوام کی سہولت کیلئے پنجاب میں چھ گھنٹے روزانہ کی بنیاد پر سی این جی سپلائی کے شیڈول میں ترمیم کی تجویز دے دی ہے جس سے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے۔ تفصیلات طے کرنے کیلئے منگل سات مئی کو سی این جی ایسوسی ایشن اور ایم ڈی سوئی نادرن گیس کمپنی کے مابین میٹنگ ہو گی۔غیاث پراچہ نے بیان میں کہا کہ انھوں نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ موسم گرما کے سبب صبح دس بجے سے چار بجے تک سی این جی کا حصول مشکل ہو رہا ہے جو رمضان میں ناممکن ہو جائے گا جبکہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے چھ گھنٹے میں سی دو یا تین گھنٹے سی این جی سٹیشن بند رہتے ہیں ۔ اسکے حل کیلئے سی این جی سٹیشن صبح سویرے یا رات گئے کھولے جائیںتاکہ دفتری ملازمین، سکول وین اور پک اینڈ ڈراپ سروس دینے والے بھی گیس ڈلوا سکیں۔اسکے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ اور نجی گاڑیوں کے لئے علیحدہ قطاریں یا مختلف دن یا مختلف اوقات مخصوص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ کسی کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران سی این جی مالکان کو ڈیزل جرنیٹر چلانے کی اجازت دی جائے جسکی وجہ سے قیمت میں معمولی اضافہ ہو گا مگر چھ گھنٹے مسلسل سی این جی کی فراہمی ممکن ہوجائے گی اورمسائل میںپچاس فیصدکمی آئے گی۔ غیاث پراچہ کے مطابق شام چھ سے رات دس تک نہ صرف بجلی کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس دوران حکومت بجلی بچانا چاہتی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ یکم اپریل سے روزانہ کی بنیاد پر سی این جی ملنے سے زیادہ فائدہ کمرشل گاڑی مالکان نے اٹھایا ہے جبکہ آئل امپورٹ بل اور ماحولیاتی آلودگی کم ہو گئی ہے ۔ سابقہ شیڈول میں چند دن گیس ملتی تھی مگر اب بہت سے گاڑی مالکان ہر صورت میں روزانہ سی این جی کا حصول چاہتے ہیں جس سے رش اور بعض مسائل نے جنم لیا ہے۔انھوں نے اب پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کرنا ممکن ہو گیا ہے جس پر عمل درامد سے کروڑوں عوام کو فائدہ ہوگا۔ غیاث پراچہ نے مزید بتایا کہ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ وسائل میں سب کو گیس دینا حکومت کی ترجیح ہے ۔ملک میں این ایل جی آنے کے بعد گیس کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

مزید :

کامرس -