لاہور چیمبر نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ویب ٹی وی لانچ کر دیا

لاہور چیمبر نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ویب ٹی وی لانچ کر دیا

  

                                       لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنا ویب ٹی وی لانچ کردیا ۔ ویب ٹی وی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران اور عوام کو جدید کاروباری ڈویلپمنٹ ، معاشی معاملات اور ٹیکنالوجی کی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے ویب ٹی وی کا افتتاح کیا جبکہ نائب صدر کاشف انور، سابق صدر میاں شفقت علی، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ارمغان ثاقب اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن مقصود احمد بٹ بھی موجود تھے ۔۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ویب ٹی کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ، لاہور چیمبر کا یہ قدم تاجر برادری کو کاروباری دنیا میں ہونے والی پیش رفت سے مکمل آگاہ رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ریڈیو، ٹی، اخبارات اور انٹرنیٹ سمیت ماس میڈیا کا کردار بہت اہم ہوگیا ہے جس کا ادراک کرتے ہوئے لاہور چیمبر نے پہلے ایف ایم ریڈیو (98.6)اور اب ویب ٹی وی لانچ کیا ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ارمغان ثاقب نے کہا کہ لاہور چیمبر کا ویب ٹی وی کاروبار سے متعلق قانونی معاملات کو اُجاگر کرے گا اور نئے کاروباری منصوبہ جات کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین اور نامور کاروباری شخصیات کو مختلف اقسام کے ٹاک شوز میں مدعو کیا جائے گا۔ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے الیکٹرانک میڈیا اینڈ مارکیٹنگ مقصود احمد بٹ نے کہا کہ www.lcci.tvلاہور چیمبرکی سوچی سمجھی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد تاجروں کی کاروباری امور میں رہنمائی کرنا ہے۔

مزید :

کامرس -