لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن پراجیکٹ مقررہ مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا
لاہور(پ ر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے عوام کو ان کی جائیداداور اثاثوں بارے درست معلومات و ریکارڈکی فراہمی یقینی بنانے ،اراضی ریکارڈ و فرد ملکیت کے اجراء،انتقال کی تصدیق و دیگر متعلقہ امور بارے خدمات بذریعہ کمپیوٹر فراہم کرنے کیلئے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کااگلے ماہ صوبہ بھر میں آغاز ہو جائے گا-محکمہ مال کی طرف سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سال 2010ءمیں ضلع قصور سے شروع کئے جانےوالے اس پائلٹ پراجیکٹ سے حاصل ہونے والی کامیابیوں اور تجربات کی بدولت آج پنجاب کی 100سے زائد تحصیلوں میں اراضی ریکارڈ سنٹر ز کے ذریعے عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اگلے ماہ جون تک صوبے کی دیگر تمام تحصیلوں میں بھی اراضی ریکارڈ سنٹرز کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا -لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سسٹم کے ذریعے نادرا کے ریکارڈ سے منسلک ہونے کے بعد نہ صرف اراضی ریکارڈ میں پہلے سے موجود غلطلیوں کی تصحیح کی جا رہی ہے بلکہ ریکارڈ کو شفاف بنانا،اراضی مالکان کا فراڈ سے بچاﺅ اور ان کے حقوق کے تحفظ بھی ممکن ہو گیا ہے -محکمہ مال کے ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب کے اس پائلٹ پراجیکٹ میں محکمہ مال کے عملے نے ہر سطح پر بھر پور تعاون فراہم کیا جبکہ منصوبے کو ورلڈ بنک کی مالی معاونت بھی حاصل رہی نیز بعض مقامات پر رکاوٹوں کو دور کرنے کی غرض سے صوبائی وزیر مال پنجاب کی زیر نگرانی انجمن پٹواریاں اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے اعلی حکام کے درمیان تمام معاملات نہایت افہام و تفہیم سے طے کئے گئے جس کی وجہ سے یہ منصوبہ مقررہ معیاد کے اندر پور ہو جائے گا -