لوڈشیڈنگ بے قابو ،بجلی 4گھنٹے کی مہمان ،عوام بے حال،خیبر پختون خواہ حکومت احتجاج کرے گی
لاہور/کراچی/پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک +این این آئی) ملک بھر میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کا بھر کس نکال کے رکھ دیا ، دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے بجلی کی طویل غیراعلانیہ بندش کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے کا اعلان کردیا،تفصیلات کے مطابق ملک میں گرمی کے شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداوار اور طلب کے درمیان فرق 4ہزار 500 میگا واٹ کی سطح پر برقرار ہے جس کی وجہ سے ملک بھر کے عوام بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں، لاہور سمیت پنجاب کے شہری علاقوں میں 12 جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک ہے، سندھ میں صورت حال پنجاب سے بھی خراب ہے جہاں کراچی میں بعض مقامات پر 9 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ دیگر علاقوں میں دن بھر میں 18 گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے،طلب کے لحاظ سے بجلی کی پیداوار میں خود کفیل صوبے خیبر پختونخوا کی حالت بھی سندھ سے مختلف نہیں، یہاں بھی لوگوں کو صرف 8 گھنٹے ہی بجلی دستیاب ہے۔،کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے تک ہے، بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں صنعتی پہیہ بھی رک گیا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں افراد کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بن گیا ہے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے بجلی کی بندش پر احتجاج کا اعلان کردیا ، پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی قیادت کرے گی، لوڈشیڈنگ کامقصد نجی کمپنیوں سے بجلی خریدنے کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔