حکومت میڈیا کی آزادی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی،صدر ممنون حسین

حکومت میڈیا کی آزادی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی،صدر ممنون حسین ...

  

                                  اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی کا پختہ عزم کئے ہوئے ہے اور وہ صحافی برادری کی بہتری اور انہیں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگیوں کے دوران ہر قسم کے دباﺅ سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ممنکہ اقدامات جاری رکھے گی۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آزاد اور غیر جانبدار میڈیا معاشرے کی پائیدار اور مساویانہ بنیادوں پر ترقی یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی، گڈ گورننس، قانون کی حکمرانی، شفافیت اور احتساب اس وقت تک حقیقی روپ اختیار نہیں کرسکتے جب تک ایک آزاد اور ذمہ دار میڈیا حقیقت پسندانہ ، مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا نہیں کرتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت معاشرے کی ترقی میں میڈیا کے اہم کردار کو مکمل طور پر تسلیم کرتی ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کو اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ملک میں میڈیا کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ میڈیا کی آزادی حکومت ، سول سوسائٹی، میڈیا خود اور معاشرے کے دیگر طبقات سمیت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں اس آزادی کو تمام اقسام کے خطرات سے محفوظ رکھنا اہم ہے وہاں یہ بھی ضروری ہے کہ اس آزاد ی کو احساس ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جائے اور اسے معاشرے کی بہتری، جمہوریت و اداروں کی مضبوطی اور سماجی اقدار و روایات کے تحفظ کیلئے بروئے کار لایا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -