ورلڈ پریس فریڈم ڈے، قربانیاں دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام صحافت کے لئے قربانیاں دینے اور صعوبتیں برداشت کرنے والے صحافیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا کہ پاکستان کی بقا سیاسی،صحافتی ، جمہوری اور آئینی اداروں کی آزادی میں ہی مضمر ہے ۔ اقبال آدیٹوریم میں منعقدہ سیمینار میں ملک کے طول عرض سے آئے ہوئے مختلف یونینز کے سینکڑوں نمائندوں کے علاوہ وفاقی وزیر برائے شپنگ کامران مائیکل، صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ ، سینیٹر جہانگیر بدر، رکن اسمبلی شفقت محمود، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر پنجاب میاں محمد اسلم، پارلیمانی لیڈر ایم کیو ایم سندھ اسمبلی رشید گوڈیل، جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم، سلمان غنی ،پی ایف یو جے کے سینئر رہنما عبادلحمید چھاپڑہ، خاور نعیم ہاشمی، آئی ایف جے کے مشیر پرویز شوکت، ایپنک چیئرمین ناصر نقوی، ناصر زیدی اور سول سوسائیٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کامران مائیکل نے کہا کہ اس خطہ اور ملک میں جمہوریت اور آزادی رائے سیاسی اکابرین اور صحافیوں کی مشترکہ جدو جہد کی بدولت ہے اور اسکو ہم ذائع نہیں ہو نے دیں گے۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت کا دن سچ لکھنے اور سچ بولنے والوں کے نام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سچ ذمہ داری سے بولناچاہیئے۔ رشید گوڈیل، میاں اسلم، امیر العظیم، جہانگیر بدر اور شفقت محمود کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت ایک لمبا سفر کر کے جس مقام پر پہنچ گئی ہے وہاں سے اسے اب واپس نہیں جانے دیا جائے گا۔ سلمان غنی نے کہا کہ آزادی صحافت کسی نے پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی بلکہ اس کے لئے ہمارے ساتھیوں نے جانیں دی ہیں کسی ادارہ کی بندش برداشت نہیں کریں گے ۔ خاور نعیم ہاشمی نے کا کہنا تھا کہ چند اداروں کے علاوہ باقی میں صحافیوں کی اجرتیں بالخصوص پرنٹ میڈیا میں بہت کم ہیں بلکہ ان سے جبری مشقت لی جا رہی ہے۔بزرگ رہنما عبدالحمید چھاپڑہ نے کہا کہ وہ اپنے لگائے ہوئے پودے کو پروان ہوتے دیکھ کر بہت خوش ہیں ۔ اس موقع پر سابق صدر پی ایف یو جے پرویز شوکت، حبیب خان غوری،محمد خالد اور چاروں صوبوں کی یو جے کے نمائندوں شمیم شاہد،جی ایم جمالی اور حبیب اکرم نے بھی آزادی صحافت کے لئے اپنی جانیں دینے والوں اور مشکلات اٹھانے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ اپنی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔