عمران خان دھاندلی کے ثبوت اسمبلی میں لائیں ورنہ اسمبلیوں سے استعفے دیدیں،پرویز رشید
لاہور(آئی اےن پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سےنےٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ‘عمران خان مذموم عمل کا حصہ نہ بنیں‘اگر انہیں شکایات ہیں تو وہ ثبوت کے ساتھ اسمبلی کے فلور پر لائیں وگرنہ اسمبلیوں سے فوری استعفے دیدیں ایک ٹکٹ سے دو دو مزے نہ لیں‘عمران خان کو طاہر القادری اور شیخ رشید کا سہارا لیکر احتجاجی سیاست کا شوق انہیں مہنگا پڑے ‘اگر عمران خان کے مطابق عام انتخابات کے وقت ملک بھر میں بد ترین دھاندلی ہوئی تو پھر عمران خان کی صوبہ خیبر پی کے میں حکومت بھی تو اسی انتخابات کی صورت میں ہی وجود میں آئی ہے کیا انکی حکومت بھی دھاندلی کی پیدوار ہے ؟ انہیں اس رو سے کے پی کے کی حکومت اور پارلیمنٹ میں رہنے کا حق حاصل نہیں ہے وہ فوری طور پر صوبہ خیبر پی کے کی حکومت اور اسمبلیوں سے استعفے دیں اور باہر آ کر سڑکوں پر احتجاج کرنے کا شوق بھی پورا کر لیں جس طرح وہ اپنا مقدمہ عدالت میں ہارے ہیں اسی طرح وہ عوام کی عدالت میں بھی ہار جائیں گے۔ اپنے انٹر وےوز مےں سینٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کا شروع سے وطیرہ رہا ہے کہ وہ منفی سیاست کرتے ہیں انہیں عام انتخابات میں عوام نے مسترد کیا (ن)لیگ نے نہیں انہیں چاہئے کہ وہ وقت کا انتظار کریں مسلم لیگ کی حکومت عوام کے ووٹ کی مدد سے بنی ہے تحریک انصاف کی مدد سے نہیں ملک میں پارلمنٹ موجود ہے آزاد عدلیہ بھی موجود ہے اور تمام ادارے مستحکم ہو رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ سڑکوں پر آنے کی بجائے پار لےمنٹ کے اندر اپنا مقدمہ لائیں اگر نہیں تو جس طرح سے وہ اپنا مقدمہ قانون کی عدالت میں ہارے ہیں ٹھیک اسی طرح سے وہ اپنا مقدمہ عوام کی عدالت میں بھی ہارے گے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اب تک عمران خان جس دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں اس کا عدالت سے ایک فیصلہ آیا ہے جو تحریک انصاف کے خلاف آیا ہے دھاندلی کی نشاندہی کی زد میں تحریک انصاف کا اپنا امیدوار ہی آیا اور گنتی میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کامیاب قرار پائے ۔ اس رو سے دھاندلی تو مسلم لیگ(ن)کے خلاف ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہے اور ہر شخص کو اپنی آواز بلند کرنے کا حق حاصل ہے اور وہ اس میں آزاد ہے لیکن عمران خان ایک بڑے صوبے میں حکومت کررہے ہیں اور اقتدار میں مزے لے رہے ہیں دوسری طرف پارلےمنٹ میں بھی موجود ہیں اگر انہیں سڑکوں پر ہی آنا ہے تو اپنا شوق ضرور پورا کریں مگر پہلے حکومت اور اسمبلیوں سے استعفے دیں ۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک میں مضبوط حکومت، موثر ادارے اور فعال جمہوری عمل جاری ہے لہذا نہ تو حکومت کو کوئی خطرہ ہے نہ جمہوری عمل کو، سیاسی قوتیں اپنا مقدمہ پارلیمنٹ میں لڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار حلقوں کی دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے عمران خان نے چار کے بجائے چالیس حلقوں کی دوبارہ گنتی کی وزیر داخلہ چودھری نثار کی پیشکش کیوں قبول نہیں کی؟ ایک صوبہ کی حکومت کامیابی سے نہ چلانے اور اپنی جماعت میں پیدا شدہ خلفشار پر قابو نہ پانے والے عمران خان اس حکومت پر دھاندلی کے الزامات نہ لگائیں جس کو عوام کی تائید و حمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک جمہوریت کی پٹڑی پر چڑھ کر ترقی و خوشحالی کے عمل کی جانب گامزن ہے ، اگر عوام نے پانچ سال تک ایک بری حکومت کو قبول کئے رکھا تو ایک اچھی اور مضبوط حکومت کو کیا خطرہ ہو سکتا ہے ۔ عمران خان اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کریں اور ایسے کسی مذموم عمل کا حصہ نہ بنیں جس پر اس کو آنے والے وقت میں پچھتانا پڑے‘ پاکستان آج محاذ آرائی اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا،ملک کا روشن مستقبل صرف جمہوریت سے مشروط ہے ۔