اقتصادی حالات میں بہتری آ رہی ہے ،سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں ،ظفرالحق
لاہور( این این آئی)سینیٹ میں قائد ایوان و چیئرمین پاکستان مسلم لیگ (ن) راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ عمران خان نے چند روز قبل میاں نواز شریف سے ملاقات میں انکی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور تسلیم کیا کہ نواز شریف ہی اصل لیڈر ہیں لیکن پتہ نہیں اب وہ کس کے اشارے پر ایسی باتیں کر رہے ہیں ،اگر ہم داخلی طور پر مضبوط ہوں گے تو چاہے بھارت میں نریندر مودی ہی کیوں نہ جیتے وہ پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا،پاکستانی قوم نے ایک مرتبہ پھر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ چاروں صوبوں کو اگر کوئی متحد کر سکتا ہے تووہ نواز شریف کی قیادت ہے ، پاکستان میں اقتصادی حالات میں تیزی سے بہتری آرہی ہے اور چین اور ترکی سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایوان اقبال میں مسلم لیگ (ن) ورکرز آرگنائزیشن کے زیر اہتما ” پاکستان کے استحکام ،ترقی اور خوشحالی میں ہماری ذمہ داریاں “ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ سیمینار سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر ،سینیٹر چوہدری جعفر اقبال ‘ نصیر احمد بھٹہ اور خواجہ محمود نے بھی خطاب کیا ۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ایک مرتبہ کسی نے قائد اعظم ؒسے پوچھا کہ وہ سنی ہیں یا شیعہ تو قائد اعظم نے جواب دیا جو کچھ حضرت محمد ﷺ تھے میں ان کا پیرو کار ہوں ۔ہم اس اصول کو سامنے رکھتے ہوئے ملک میں فرقہ واریت پر قابو پا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے وسائل میں مزدوروں اور غریبوں کو ان کا حصہ نہ ملے تو اس ملک کو بنانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کا فرض ہے کہ وہ ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان کی بانی جماعت ہونے کے ناطے مسلم لیگ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق رائے داہی دے ۔قائد اعظمؒ نے کہا تھاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ جہاں ہم قرارداد پاکستان کی بات کرتے ہیں وہاں ہمیں کشمیر کا نام بھی لینا ہوگا ۔ ہم کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں کیوں بھارت نے اپنی سات لاکھ فوج کو معصوم کشمیریوں کے سرپر مسلط کیا ہوا ہے ۔ انہوںنے کہا کہپاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیںپہلے دن سے جاری ہیں مگر انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ہم نے یہ ملک ایک نظریہ پر حاصل کیا ہے۔ 1970ءمیں جب مسلم لیگ کمزور ہوئی تو ملک دو ٹکڑے ہو گیا اور جب میاں نواز شریف کی قیادت میں مضبوط ہوئی تو ملک کو نا قابل تسخیر اور ایٹمی قوت بنا دیا ۔
ظفر الحق