دھاندلی کیخلاف احتجاج ،جماعت اسلامی بھی تحریک انصاف کے ساتھ مل گئی ،عوامی تحریک سے اتحاد پر تحفظات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،اے این این)پاکستان کی بڑی مذہبی اور سیاسی تنظیم جما عت اسلامی نے عمران خان دھاندلی کے خلاف احتجاج میں ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے۔تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں احتجا جی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی تھی جسے سراج الحق نے قبول کر لیا۔ امیر جماعت اسلامی نے قائدین اور کارکنان کو کراچی ، پشاور ، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھر پور شرکت کرنے کی ہدا یت کر دی ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 11مئی سے بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے دیگر سیا سی جماعتوں کے سا تھ رابطہ کرکے انہیں احتجاجی مظاہرے میں ساتھ دینے کو کہا ہے۔اے این این کے مطابق خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت اسلامی نے عمران خان اور عوامی تحریک کے اتحاد پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ میں عمران خان کی جانب سے طاہر القادری کے ساتھ اتحاد پر حیران ہوں۔اس ضمن میں ہمارے ساتھ کوئی مشورہ نہیں کیا گیا،ہمیں یہ بھی پتہ نہیں کہ طاہر القادری پاکستان کے آئین اور جمہوریت پر یقین بھی رکھتے ہیں یا نہیں۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختاربنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا۔ کوئی بھی کام آئین اور قانون کے دائرے سے باہر رہ کر نہیں ہونا چاہیے۔