عدالت کا مشرف کی آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم
اسلام آباد( اے این این ) غازی عبدالرشید قتل کیس ¾ عدالت کا سابق صدر پرویز مشرف کی آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم ¾ بریت اور مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔ ہفتہ کو اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی کی عدالت میں عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت ہوئی ۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل میجر (ر) اختر شاہ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف عدالت میں پیش ہونے کےلئے تیار ہیں انہیں سکیورٹی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف تمام مقدمات کا سامنا کرنے کےلئے تیار ہیں اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری درخواست گزار پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف غازی عبدالرشید قتل کیس میں ملوث نہیں ہیں لال مسجد آپریشن کےلئے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو باقاعدہ خط لکھا گیا تھا جس پر آرمی چیف کو مجبوراً آپریشن کا حکم دینا پڑا ۔ سابق صدر پرویز مشرف کو (آج) حاضری سے استثنیٰ دیا گیا عدالت نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی آئندہ سماعت پر حاضری کو یقینی بنایا جائے آئندہ سماعت پر سابق صدر کی پیشی سے متعلق کوئی عذر یا بہانہ قابل قبول نہیں ہوگا ۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے بریت اور مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی دائر کی گئیں ان درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کئے گئے ۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 22 مئی تک ملتوی کردی گئی ۔