پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے 2مبینہ دہشت گرد بادامی باغ سے گرفتار کر لئے

پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے 2مبینہ دہشت گرد بادامی باغ سے گرفتار کر لئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                     لاہور(شعیب بھٹی )پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کالعدم تحریک طالبان کے 2مبینہ دہشت گردوں کوگزشتہ روز بادامی باغ سے گرفتار کرتے ہوئے لاہورسے اہم شخصیات کو اغواءکرنے اور حساس مقامات پرحملو ں کی کوشش ناکام بنا دی۔باوثوق ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران11مئی کو ممکنہ دہشت گردی کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی مدد سے پولیس نے لاہور بادامی باغ کے علاقہ سے 2مبینہ دہشت گردوں کوگرفتارکرلیا ہے جن سے ابتدائی تفتیش کے بعد نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھی جن کے خلاف ضلع اوکاڑہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون اورایک شخص کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے 3خودکش جیکٹس و دیگر سامان قبضہ میں لے لیا ہے جن سے مزید تفتیش جارہی ہے۔واضح رہے کہ ماہ مئی میں دہشت گردی کے خطرے اور اہم سرکاری شخصیات کو اغواءکرنے کے خدشہ کے پیش نظر حکومت پنجاب نے نیشنل کرائسسزمینجمنٹ سیل کی رپورٹ پر لاہور سمیت صوبے بھر کے بڑے شہروں میں قائم ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں، انسانی حقوق کے مراکز، جیلوں، سرکاری دفاتر اور دیگر اہم حساس مقامات کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کی گئی تھیں اور اس ضمن میں انتظامات مکمل کرکے محکمہ داخلہ کورپورٹ 72گھنٹوں میں بذریعہ فیکس جمع کروانے کا بھی حکم دیا گیا تھااورحکومت پنجاب کو جاری مراسلہ میں خبر دار کیا گیا تھا کہ صوبے کے تمام ریجنل پولیس افسر، کمشنرز، ڈی پی اوز اور ڈی سی اوزکو اپنے اپنے اضلاع کی پولیس لائنز، جیلوں، سرکاری دفاتر، ملکی و غیر ملکی این جی اوز کے دفاتر، سرکاری افسروں کی رہائش گاہوں پرممکنہ دہشت گردی کا خطرہ ہے جبکہ اسکے ساتھ ساتھ اہم سرکاری افسران کو بھی اغواءکیا جاسکتا ہے تاہم اس سلسلے میں تمام اہم مقامات سمیت دیگر جگہوں کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرکے رپورٹس72 گھنٹوں میں محکمہ داخلہ کو فیکس کروانے کا حکم بھی دیا تھا۔محکمہ داخلہ نے اپنے مراسلے میں وزارت داخلہ کے حکم نامے کی کاپی بھی لف کی تھی جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھاکہ پنجاب میں ماہ مئی میں دہشت گردی کے خدشات موجودہیں

مزید :

صفحہ اول -