مسلم لیگ ن اپنے وعدے سے منکر ہوگئی

مسلم لیگ ن اپنے وعدے سے منکر ہوگئی
PMLN
کیپشن: Shahid-Khaqan-Abbasi

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی نے دعویٰ کیاہے کہ’ ہم نے کبھی6ماہ میں بجلی لانے کاکوئی وعدہ نہیں کیا ، ہمیشہ عوام کوحقیقت بتائی ہے‘جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب اورمسلم لیگ ن کے صوبائی صدرشہبازشریف کئی بارچھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کااعلان کرچکے ہیں۔ایکسپریس نیوز کے پروگرام’ تکرار‘ میں گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہاکہ پاکستانی قوم عذاب سے گزر رہی ہے،سنجیدگی سے اس مسئلے پر قابوپانے کی کوشش کرنی چاہیے،میں موجودہ حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ قوم کو بیوقوف بنانا چھوڑ دے جو بل نہیں دیتا اس کی بجلی کاٹنی چاہیے لیکن جو بل دیتا ہے اس کی بجلی کاٹنازیادتی ہے، ن لیگ نے انتخابی مہم میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بہت سے وعدے کیے تھے لیکن وہ پورے نہیں ہوئے ۔وفاقی وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ ہم نے کبھی6ماہ میں بجلی لانے کاکوئی وعدہ نہیں کیا تھا،ہم نے ہمیشہ عوام کوحقیقت بتائی ہے،چند روز قبل خواجہ آصف نے بھی کہا کہ اگلے دو تین ماہ سخت ہیں، عوام کو برداشت کرنا پڑے گا ،کوئی بھی بجلی کا منصوبہ شروع کریں تواس کے نتائج کے لئے کم از کم دو تین سال لگ جاتے ہیں، کوئی معجزہ مشکل ہے لیکن ہم کوششیں کررہے ہیں، جو بل نہیں دے گا اس کو بجلی نہیں ملے گی، کے پی کے کی حکومت ہو یا سندھ کی جو بھی بجلی کا نظام اپنے ہاتھ میں لیناچاہے ہماری طرف سے کھلی آفر ہے اپنا شوق پورا کرلیں۔ یادرہے کہ گذشتہ دور حکومت میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے مینارپاکستان پرایک احتجاجی کیمپ لگایاتھا اور وہاں اجلاس کے دوران پنکھاجھلتے نظرآتے تھے اور کئی بار احتجاج میں بھی شرکت کی تھی ۔ شہباز شریف نے کئی مرتبہ چھ ماہ کے اندر تاریکی کے سائے ختم کردیں گے بلکہ ایک مرتبہ تو اُنہوں نے کہاتھاکہ وہ اس سے بھی کم عرصے میں لوڈشیڈنگ ختم کرسکتے ہیں۔

مزید :

لاہور -