چین میں نقلی حکومت بھی سامنے آگئی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چائنہ میں روزمرہ استعمال کی اشیاءکے ساتھ ساتھ جعلی حکومت بھی بننے لگی، سرکاری میڈیا سے جاری کی جانیوالی خبروں کے مطابق چائنہ کے صوبے حنان کے ایک شہر ڈنیزو میں عوام کی حکومت کے نام سے کام کرنیوالے گروپ کو پکڑ لیا گیا ہے۔ یہ گروہ ڈنیزو کی عوام حکومت کیلئے اپنی سول سروس بھی تشکیل دینے کی کوشش کرہا تھا جس میں افسر شاہی حاصل کرنے کے دس خواہشمندوں کی درخواستیں بھی وصول کی جاچکی تھیں۔ اس کا موقف تھا کہ موجودہ حکومت اپنے فرائض سرانجام دینے میں ناکام ہو گئی ہے لہذا اب عوامی حکومت کو کام کرنا پڑے گا. چین کے شہر ڈنیزو کو پہلے بھی اسی قسم کی غیر قانونی سیاسی سرگرمیوں نے عالمی شہ سرخیوں میں جگہ دیدی تھی۔ کچھ عرصہ قبل چین کے سابقہ نائب صدر نے عوامی حکومت کے قیام کو خوش آئند قرار دیا تھا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس حکومت نے بھی اپنے رنگ دکھانا شروع کر دیے. حال ہی میں اس کی جانب سے ایک ٹھیکیدار کو خراب کارکردگی پر جرمانے کا نوٹس بھی بھیج دیا گیا . اس ٹھیکیدار کی جانب سے حکومت کو شکایت کے بعد اس جعلی حکومت کی سرگرمیاں نظروں میں آ گئیں اور اس کے تین بانیوں کو گرفتار کر لیا گیا. جعلی حکومت بنانے والوں کے خلاف غیر قانونی تعمیرات اور سیاسی سرگرمیوں کے الزامات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔