مہندی کے رنگ میں بھنگ، گلوکارہ نوراں لال سمیت گرفتارہونیوالے 62افراد رہا
وزیر آباد، گوجرانوالہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سول جج وزیر آباد ذوالفقار نے گلوکارہ نوراں لال اور دولہا شہباز سمیت گذشتہ رات گرفتار ہونیوالے تمام ملزمان کو ایک ہزار جرمانے کی سزا سنائی اور رہا کردیا۔ ان افراد کو گزشتہ روز مہندی کی تقریب میں فحش ڈانس کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے نواحی موضع پھالوکی میں شہباز چیمہ کی شادی کے سلسلہ میں رسم حنا کی تقریب جاری تھی اور معروف گلوکارہ نوراں لال پرفارم کر رہی تھیں۔ پولیس نے انچارج تھانہ صدر محمد عارف کی سربراہی میں چھاپہ مارا۔ پو لیس نے ملزمان کے خلاف فحش ڈانس، ہوائی فائرنگ، ایمپلی فائر ایکٹ اور شادی آرڈیننس کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے بھاری تعداد میں ملکی وغیرملکی کرنسی، چار گاڑیاں، موبائل فون،کیمرہ، لیپ ٹاپ اور جنریٹر بھی قبضہ میں لے لیا۔ گلوکارہ نوراں لال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رسم حنا کے تقریب میں کوئی فحش ڈانس نہیں ہو رہا تھا۔ دولہا شہباز چیمہ نے کہا کہ شادی کی تقریب میں کوئی غیرقانونی حرکت نہیں ہوئی پولیس نے زیادتی کی ہے جبکہ پولیس کا مو¿قف ہے کہ مہندی کی تقریب میں شراب نوشی، فحش ڈانس اور ہوائی فائرنگ کی جا رہی تھی پولیس نے گرفتار افراد کو سپیشل مجسٹریٹ ذوالفقار احمد کی عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر گلوکارہ سمیت تمام افراد ایک گھنٹہ تک سول کورٹ کے باہر شدید گرمی اور دھوپ میں بیٹھے رہے، بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے تمام افراد کو ایک ایک ہزار روپے جرمانہ کر کے رہا کر دیا۔