مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان بھر میں سول سوسائٹی کی ریلیاں ، اپنی فوج کیخلاف بولنے پر خواجہ آصف کا نام گینیزبک میں شامل ہوناچاہیے: چوہدری پرویز الٰہی
لاہور، کراچی ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان بھر میں سول سوسائٹی کے ارکان نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیںاور مسلح افواج وایجنسیوں کے حق میں نعرہ بازی کی ،لاہور میں ٹو وہیل ایڈونچر گروپ نے موٹر سائیکلوں پر ریلی نکالی۔ مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی حمایت میں ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہے؟ خواجہ آصف دنیا کے واحد وزیر دفاع ہیں جو اپنی ہی فوج کے خلاف بیانات دے رہے ہیں ان کا نام گینز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں آنا چاہئے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق اور دیگر تنظیموں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں اورفوج کی حمایت میں نعرے لگائے۔ پاک فوج سے یک جہتی کے لئے ملتان ،سرگودھا،گوجرانوالہ،گجرات،بہاول پور،منڈی بہا الدین، میر پور خاص اور تھر پارکر میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کا اہتمام مسلم لیگ ق اور دیگر تنظیموں نے کیا تھا۔شرکانے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔مردوں کے ساتھ بڑی تعداد میں خواتین بھی ریلیوں میں شریک ہوئیں۔مقررین نے پاک فوج کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور دفاع کے لئے پاک فوج کے جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ،قوم ان کی قربانیوں کو بھلا نہیں سکتی ہے۔ لاہور سے ہیڈ بلوکی تک نکالی گئی ٹووہیل ایڈونچرگروپ کی موٹرسائیکل ریلی میں نوجوانواں نے شرکت کی۔شرکا کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں قومی اداروں کے خلاف سازش برداشت نہیں کی جائے گی۔ تھرپارکر میں سول سوسائٹی اور تاجر ایسو سی ایشن کی جانب سے پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ کشمیر چوک تک نکالی جانے والی ریلی میں بچے بھی شریک تھے۔ قومی پرچم اٹھائے شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ میر پور ماتھیلو میں شہری ایکشن کمیٹی نے پاک فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے گھنٹہ گھر سے بھٹائی چوک تک ریلی نکالی۔گجرات اور دیگر شہروں میں مسلم لیگ ق کی جانب سے فوج کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئی ہیں۔لاہورمیں مسلم لیگ مرکزی سیکریٹریٹ سے نکالی گئی ریلی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوگئی ۔اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق کی کال پر پنجاب بھر میں ریلیوں میں عوام نے شرکت کر کے افواج پاکستان سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ ریلیوں کے ذریعے ان عناصر سے نفرت کا اظہار کیا گیا ہے جو افواج پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہیں۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سے محبت پر مبنی ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہے،وزیر دفاع خواجہ آصف کو حرف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپنی ہی افواج کے خلاف بیانات دینے پر خواجہ آصف کا نام گنیز بک میں آنا چاہئے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام قوتیں اور عناصر سن لیں کہ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہے قوم ان کے خلاف ایک لفظ بھی برداشت نہیں کرے گی۔