پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر شان اور علی ظفر میں ٹھن گئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں بالی ووڈ فلموں کی نمائش کے معاملے پر اداکار شان اور علی ظفر کے درمیان نوک جھونک ہوگئی اوردونوں نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایک میڈیا ہاو¿س کی جانب سے ایوارڈز کی تقریب کے موقع پر جب اداکار شان سٹیج پر آئے تو انہوں نے ملک میں بھارتی فلموں کی نمائش اور بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور بالی ووڈ میں کام کرنے والے فنکاروں کو ”بکاﺅمال“ تک کہہ ڈالا۔شان کی باتوں پر تقریب میں موجود دیگر فنکار تو چپ رہے لیکن جب علی ظفر ایوارڈ لینے سٹیج پر آئے تو انہوں نے شان کی باتوں کا کھل کر جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ہم اپنی کمزوریوں کو چھپانے کے لئے حب الوطنی اور دوسری چیزوں کا سہارا لیتے ہیں، ہمیں ایمانداری سے کام لینا چاہئے اور آئندہ نسل کو سچ بتانا چاہئے۔ شان نے بالی ووڈ میں کام کرنے والوں کو ’بکاﺅمال‘ کہہ کر ان کی توہین کی ہے کیونکہ بھارت میں صرف انہوں نے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا نہیں منوایا بلکہ اس فہرست میں بڑے غلام علی خان ، نصرت فتح علی خان، راحت فتح علی خان، محسن خان، زیبا بختیار، شفقت امانت علی اور عاطف اسلم جیسے نامی گرامی آرٹسٹ شامل ہیں۔