القاعدہ کی شام میں جاری لڑائی میں مصروف کارکنان کو عراق واپسی کی ہدایت
بغداد (نیوز ڈیسک) القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک ویڈیو پیغام میں شام میں لڑائی میں مصروف کارکنوں کو عراق واپسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایمن الظواہری نے یہ بھی کہا ہے کہ القاعدہ کی ذیلی تنظیم ”آئی ایس آئی ایس“ کے کارکنوں کو چاہے کہ وہ شام میں لڑائی چھوڑ کر عراق پر توجہ دیں۔ ان کے مطابق اگر ان کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے یہ تنظیم عراق پر توجہ مرکوز رکھتی تو شام میں اسلامی تنظیموں کی آپسی لڑائی میں اس قدر خون نہ ضائع ہوتا۔ یاد رہے ”آئی ایس آئی ایس“ نے گزشتہ برس شام میں جاری خانہ جنگی میں شمولیت اختیار کرلی تھی جس کے بعد اس میں اور مقامی تنظیم نصریٰ میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے اور دونوں میں شدید جنگ چھڑ گئی۔ ایمن الظواہری کا کہنا تھا کہ ”آئی ایس آئی ایس“ کو عراق میں اپنی کارروائیاں تیز کرنی چاہیے۔