سات کروڑ پاﺅنڈ جیتنے والا خوش نصیب لاپتہ
لندن (نیوز ڈیسک) دو روز قبل ایک خوش قسمت شخص نے برطانیہ کی تاریخ کی آٹھویں سب سے بڑی لاٹری جیت لی ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی تک اس خوش نصیب کی شناخت نہیں ہوسکی۔ یہ شخص 7.3 کروڑ پاﺅنڈ (قریباً 12 ارب پاکستانی روپے) کا حقدار ٹھہرا ہے۔ لاٹری کمپنی کے ترجمان نے برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک جیت کا کوئی بھی دعویدار سامنے نہیں آیا۔ اب کمپنی کی جانب سے لوگوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ اپنے اپنے لاٹری ٹکٹ چیک کریں کہ کہیں وہی یہ خوش نصیب تو نہیں۔ ابھی تک یہ معلومات بھی جاری نہیں ہوسکیں کہ ٹکٹ کس مقام سے خریدار گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے ممکن ہے لوگوں کے ہفتے کا آخر ہونے کے باعث اپنے ٹکٹ نہ چیک کئے ہوں اور توقع ہے کہ پیر تک کوئی دعویدار سامنے آجائے گا۔ ممکن ہے جس شخص کی لاٹری نکلی ہو اسے باکل توقع ہی نہ ہو۔ یاد رہے گزشتہ ماہ امریکہ میں ایک واقع پیش آیا تھا جس میں لاٹری کھیلنے والے شخص نے غلطی سے جیتنے والے نمبروں کے ٹکٹ کوڑا دان میں پھینک دئیے تھے۔