بال نوچنے والی عجیب بیماری
لندن (نیوز ڈیسک) شیرل مچل نامی 33 سالہ برطانوی خاتون کو ایسی نفسیاتی بیماری ہے جس کے باعث وہ اپنے بال نوچتی رہتی ہے۔ خاتون کے مطابق اس کی پانچ سال کی عمر سے ایسی ہی حالت ہے۔ بچپن میں اس کے والد نے خودکشی کرلی جبکہ تھوڑے عرصے بعد ہی اس کے بھائی کی موت بھی ہوگئی۔ اس کے مطابق اس بیماری کی یہ وجوہات ہوسکتی ہیں۔ اس کا خیال تھا کہ اس کے پانچوں بچے اس بیماری سے بچ گئے ہیں لیکن یہ دیکھ کر اسے سخت پریشانی لاحق ہوگئی کہ اس کی سب سے چھوٹی بیٹی بھی اس کے نقش قدم پر چل پڑی ہے۔ اس کی بیٹی کلیئر نے بھی اپنی تمام پلکیں کھینچ ڈالیں کہ اسے اپنی ماں کے جیسا بننے کا شوق ہے۔ اس بیماری کو ’’ٹی ٹی ایم‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ٹیرل کے مطابق لوگ اس کی بیماری کو نہیں سمجھتے اور اسے طرح طرح کی باتیں سننا پڑتی ہیں اور حکومت کی جانب سے بھی کوئی مدد نہیں۔ اس کی خواہش ہے کہ بین الاقوامی سطح پر اس بیماری کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگ مریضوں کی زندگی اجیرن نہ کریں۔