دونوں ہی ’چور‘ ہیں
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) ایپل اور سام سنگ کے درمیان عدالتی مقدمے کا فیصلہ آگیا ہے اور اس فیصلے سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کمپنیاں ہی ایک دوسرے کے فیچرز چوری کرنے میں مصروف ہیں۔ ایپل کی جانب سے سام سنگ کے خلاف 2.2 ارب ڈالر کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن جج نے سام سنگ کو صرف 12 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔ اسی طرح سام سنگ کی جانب سے 60 لاکھ ڈالر کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن ایپل کو صرف 158000 ڈالر کی ادائیگی کا حکم دیا گیا ہے۔ تاہم دونوں کمپنیوں کی داڑھی میں تنکا ہونے کے باوجود اس مقدمے کو ان کے درمیان قانونی جنگ کا اختتام نہیں کہا جاسکتا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ دونوں کمپنیوں کی ایک دوسرے سے شکایات کی فہرست بے حد لمبی ہے اور عنقریب اسی طرح کی لڑائی میں یہ دونوں فریقین ایک مرتبہ پھر کمرہ عدالت میں نظر آئیں گے۔