شہر قائد میں قتل و غارت کا سلسلہ رک نہ سکا،مختلف واقعات میں خواتین سمیت 7افراد جاں بحق
کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں ، ڈاکووں نے مزاحمت پر دو خواتین کو گولی مار دی ، پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کے دو ملزم مارے گئے۔لیاری بہار کالونی سے ایک شخص کی تین روز پرانی لاش ملی ہے۔ تین ہٹی پل کے قریب دھوبی گھاٹ اور کورنگی زمان ٹاون سے ایک ایک شخص کی بوری بند لاشیں ملی ہیں ، پولیس کے مطابق مقتولین کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا جبکہ ان کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔ مقتولین کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔رات گئے سی ویو سے لوٹنے والے ایک خاندان کو ڈاکوو¿ں نے یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کر دی۔ اس دوران مزاحمت پر ڈاکووں نے فائرنگ کر دی جس سے دو خواتین زخمی ہو گئیں۔زخمی خواتین کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ مقتولیں کی شناخت سعیدہ بانو اور انوشہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ملزم ہلاک ہو گئے۔پولیس کے مطابق ملزموں کا تعلق لیاری گینگ وار فیصل پٹھان گروپ سے ہے۔مقتولین کی لاشیں ضروری کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ملزموں کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔