غذائی قلت کے باعث مزید3بچے دم توڑ گئے،37زیر علاج
تھرپارکر/مٹھی(آن لائن)مٹھی میں زیرعلاج غذائی قلت کا شکار مزید3 بچے دم توڑ گئے، رواں سال کے دوران غذائی قلت سے جاں بحق بچوں کی تعداد301 ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق تھرپارکر میں غذائی قلت کے باعث بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، مٹھی سول اسپتال میں زیرعلاج غذائی قلت کا شکار مزید3 بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ سول اسپتال مٹھی میں غذائی قلت کے شکار37بچے زیر علاج ہیں۔ذرائع کے مطابق دیگر سرکاری و غیرسرکاری اسپتالوں میں بھی درجنوں بچے غذائی قلت کے باعث زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، جبکہ دو بچوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔ مقامی اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ، ڈاکٹرز کی عدم موجودگی اور ادویات کی قلت کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنہ کرنا پڑ رہا ہے۔

